پی ٹی وی کی ری ویمپنگ، جدید خطوط پر استوار کرنے کے منصوبے پر احسن اقبال اور عطاء اللہ تارڑ کی ملاقات

پی ٹی وی کی ری ویمپنگ، جدید خطوط پر استوار کرنے کے منصوبے پر احسن اقبال اور عطاء اللہ تارڑ کی ملاقات

اسلام آباد (پ ر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی ری ویمپنگ اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پی ایس ڈی پی کے تحت پی ٹی وی کی ری ویمپنگ کے منصوبے، جدید براڈکاسٹنگ سہولیات کی فراہمی اور ادارے کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی وی کی ری ویمپنگ کے منصوبے کے لیے پی ایس ڈی پی کے تحت وزارت منصوبہ بندی کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ قومی نشریاتی ادارہ جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کرسکے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی براہ راست نشریات کے لیے مقامی براڈکاسٹنگ انفراسٹرکچر ناگزیر ہے۔ فی الحال ان مقابلوں کی کوریج کے لیے او بی وینز اسلام آباد سے بھیجنا پڑتی ہیں، جس کے باعث براہ راست نشریات کے انتظامات میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

انہوں نے پی ٹی وی کے ماسٹر کنٹرول رومز (MCRs) کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید نشریاتی نظام کے لیے تکنیکی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن ضروری ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی وی قومی اثاثہ ہے، اس کی بحالی اور اسے جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کا قومی شناخت اور ملکی وحدت کو فروغ دینے میں اہم کردار ہے۔

ملاقات میں پی ٹی وی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال، مؤثر اور مسابقتی قومی نشریاتی ادارہ بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور آئندہ کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں