کراچی: نیا ناظم آباد سے اغوا ہونے والا ڈھائی سالہ بچہ بحفاظت بازیاب
کراچی: نیا ناظم آباد سے دو روز قبل اغوا ہونے والا ڈھائی سالہ بچہ بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق آذان علی خان کو دو روز قبل تھانہ منگھوپیر کی حدود نیا ناظم آباد سے موٹرسائیکل سوار ملزم مبینہ طور پر اغوا کرکے لے گیا تھا۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ منگھوپیر میں درج کیا گیا تھا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے بچے کی بازیابی کے لیے کارروائیاں شروع کیں۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق منگھوپیر پولیس نے خفیہ اطلاع پر ٹھٹہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
بچے کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد والدین کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔