اٹک: چائنہ چوک کے قریب موٹرسائیکل اور لوڈر رکشہ میں تصادم، دو نوجوان جاں بحق، ایک زخمی
اٹک کے علاقے چائنہ چوک، واپڈا کالونی روڈ پر موٹرسائیکل اور لوڈر رکشہ کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 22 سالہ عطا محمد ولد جاوید احمد، سکنہ نیو ٹاؤن، موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ 23 سالہ رحمان ولد سفارش، سکنہ نیو ٹاؤن، اور لوڈر رکشہ ڈرائیور 47 سالہ ظفر اقبال ولد محمد الٰہی، سکنہ حاجی شاہ، زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اٹک کی دو ایمبولینسیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش اور دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کیا۔
ہسپتال پہنچنے کے بعد 23 سالہ رحمان ولد سفارش بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ رکشہ ڈرائیور ظفر اقبال کی ٹانگ فریکچر ہونے کے باعث اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔