اٹک: کینیڈا بھجوانے کا جھانسہ، شہری سے 47 لاکھ روپے ہتھیانے والا ملزم گرفتار
اٹک بیرونِ ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر شہری سے لاکھوں روپے ہتھیانے اور بوگس چیک دینے کے مقدمے میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق سمیع الرحمان کی مدعیت میں تھانہ حضرو میں درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ تنویر اقبال اعوان ولد جہانگیر اقبال اعوان، سکنہ ٹیکسلا، نے کینیڈا بھجوانے کے نام پر ویزا، ٹکٹ اور دیگر اخراجات کی مد میں 47 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم نہ اسے بیرونِ ملک بھجوایا اور نہ ہی رقم واپس کی۔
شکایت کے مطابق بعد ازاں ملزم نے 40 لاکھ روپے کا چیک دیا، جو بینک میں مطلوبہ رقم موجود نہ ہونے کے باعث ڈس آنر ہو گیا۔ مدعی کا مزید کہنا ہے کہ رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ملزم نے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم تنویر اقبال اعوان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔