راولاکوٹ: اسلام آباد پولیس اہلکار پر تشدد، آزاد کشمیر پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں
راولاکوٹ: آزاد جموں و کشمیر پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ایک اہلکار پر مبینہ تشدد کے واقعے سے متعلق پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق 14 جولائی کو راولاکوٹ کے علاقے گوئی نالہ، افسر مارکیٹ میں چند افراد نے اسلام آباد پولیس کے ملازم احتشام مسیح کو گاڑی سے زبردستی اتارا، تشدد کا نشانہ بنایا اور واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلا دی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تشدد میں ملوث افراد اور ویڈیو بنانے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ حقائق کی مکمل تصدیق کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے گی۔
آزاد جموں و کشمیر پولیس نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص یا گروہ کو شرانگیزی، جھوٹی معلومات پھیلانے یا ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حالیہ کشیدہ صورتحال کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہائی تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ بیان کے مطابق پولیس اہلکاروں کی شہادتوں اور زخمی ہونے کے باوجود شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا گیا۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ یا ایڈٹ شدہ ویڈیوز اور معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
> نوٹ: مذکورہ معلومات آزاد جموں و کشمیر پولیس کی جاری کردہ پریس ریلیز پر مبنی ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، اس لیے حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔