کراچی: جعلی سرکاری نوکریوں کا جھانسہ دینے والا کے پی ٹی ملازم گرفتار، لاکھوں روپے کی جعلسازی بے نقاب
کراچی: کیماڑی انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو سرکاری نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے ایک ملازم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فراز آصف خان کے نام سے ہوئی ہے، جو کے پی ٹی میں بطور کلرک تعینات ہے۔ ملزم کے قبضے سے بڑی تعداد میں جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز، سروس کارڈز، میڈیکل لیٹرز، شناختی کارڈز اور دیگر سرکاری دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر محمد سعد نامی شخص کے خلاف جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر اور دیگر مشتبہ سرکاری دستاویزات کے ساتھ کے پی ٹی پہنچنے پر جعلسازی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ اس جعلسازی کے پس پردہ کے پی ٹی کا ملازم فراز آصف خان ملوث ہے، جسے مقدمے میں نامزد کرکے گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی کے مطابق تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جن سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم کے ساتھ ایک منظم نیٹ ورک بھی سرگرم ہے، جو شہریوں کو سرکاری ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، دیگر متاثرہ افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے، جبکہ جعلسازی میں ملوث نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔