اسلام آباد میں بجلی کی طویل بندش پر احتجاج، ترلائی کے مکین سڑکوں پر نکل آئے
اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ واپڈا سے نالاں مظاہرین نے لہتراڑ روڈ پراچہ چوک کے مقام پر بلاک کر دی، جس کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سے علاقے کی بجلی بند ہے، متعدد شکایات کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی، جس کے باعث انہیں احتجاج پر مجبور ہونا پڑا۔
ادھر خیبر پختونخوا میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف عوامی ردعمل شدت اختیار کر رہا ہے۔ گزشتہ روز چارسدہ میں شدید گرمی اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے مختلف شاہراہیں بند کر دی تھیں، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا تھا۔
مسلسل بڑھتے ہوئے ان احتجاجی مظاہروں سے واضح ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش عوام کے لیے سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے، اور بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع ہونے کا خدشہ ہے۔