سما نیوز کی اینکر کرن ناز کا نجی رابطہ نمبرز شیئر کرنے پر اظہارِ برہمی

سما نیوز کی اینکر کرن ناز کا نجی رابطہ نمبرز شیئر کرنے پر اظہارِ برہمی

اسلام آباد: سما نیوز کی اینکر کرن ناز نے مختلف ٹی وی چینلز کے پروڈیوسرز اور کوآرڈینیٹرز کی جانب سے خواتین اینکرز کے ذاتی رابطہ نمبرز بغیر اجازت دوسروں کو فراہم کیے جانے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کرن ناز نے کہا کہ مختلف چینلز کے بعض پروڈیوسرز اور کوآرڈینیٹرز کے پاس موجود خواتین اینکرز کے کانٹیکٹ نمبرز ان کے جاننے والوں اور رشتہ داروں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں، جو نہ صرف غیر پیشہ ورانہ عمل ہے بلکہ نجی زندگی اور پرائیویسی کی بھی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ اگر کسی کو “بھرم بازی” کا اتنا ہی شوق ہے تو وہ اپنی بہنوں کے نمبرز شیئر کریں، بشرطیکہ انہیں اس پر اعتراض نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کا ذاتی موبائل نمبر آگے دینے سے پہلے اس کی پیشگی اجازت لینا ضروری ہے۔

کرن ناز نے مزید کہا کہ وہ اپنے مداحوں اور ناظرین کے جذبات کا احترام کرتی ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے ذاتی نمبر پر فون کالز یا پیغامات موصول کرنے کی اجازت نہیں دیتیں۔ ان کے مطابق پیشہ ورانہ حدود اور ہر فرد کی پرائیویسی کا احترام کیا جانا چاہیے۔

کرن ناز کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صحافتی حلقوں اور صارفین کے درمیان نجی معلومات کے تحفظ، خواتین صحافیوں کی پرائیویسی اور پیشہ ورانہ اخلاقیات سے متعلق نئی بحث شروع ہوگئی ہے، جبکہ متعدد صارفین نے بغیر اجازت ذاتی رابطہ معلومات شیئر کرنے کے عمل کو غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں