وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے پشاور پریس کلب کے وفد کی ملاقات، صحافیوں کی فلاح کے لیے اہم اعلانات
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے پشاور پریس کلب کی کابینہ اور گورننگ باڈی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے صوبائی حکومت کے تاریخی اقدامات پر وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کا جلد سنگِ بنیاد رکھنے اور پشاور کے صحافیوں کے لیے الگ جرنلسٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے سے اصولی اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت آزاد، ذمہ دارانہ اور خودمختار صحافت کے فروغ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ 2026-27 میں کارکن صحافیوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیا کالونیز کے قیام، فزیبلٹی اور ڈیزائن کے لیے 50 کروڑ روپے، پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 15 کروڑ روپے، صوبے بھر کے ضلعی پریس کلبوں کی بحالی کے لیے 30 کروڑ روپے اور انفارمیشن سیکٹر میں جدت و ترقی کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ کی مالیت 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میڈیا اداروں کو اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کارکن صحافیوں کے واجبات اور کم از کم اجرت کی ادائیگی سے مشروط بنائی جائے۔
محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میڈیا اداروں کی ترقی کے ساتھ کارکن صحافیوں کے بہتر حالاتِ کار اور فلاح و بہبود بھی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے نیو پشاور ویلی سٹی میڈیا انکلیو کے منصوبے پر صحافیوں کو اعتماد میں لینے اور قواعد و ضوابط کے مطابق پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے صحافیوں کے لیے مطالعاتی دوروں کے انعقاد کی بھی ہدایت جاری کی۔
اس موقع پر پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کو پشاور پریس کلب کے دورے اور نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھنے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔