کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر دہشت گرد حملے کے بعد ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت صدر آصف زرداری وزیراعظم شہباز شریف اور چیرمین سینٹ جوسف رضا گیلانی نے فتنہ الخوارج کی شدید مذمت

کراچی میں رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملہ ناکام، صدر، وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ کی شدید مذمت

اسلام آباد/کراچی: کراچی کے گلستانِ جوہر میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر دہشت گرد حملے کے بعد ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے تین دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زندہ گرفتار کرکے دشمن کے جارحانہ عزائم خاک میں ملا دیے۔

وزیراعظم نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرست اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں رینجرز کے دفتر پر حملے کو بزدلانہ اور قابلِ نفرت کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دے رہی ہیں اور پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے تین جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ملکی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام تک قومی کوششیں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں