ایران، امریکہ جنگ بندی بڑی کامیابی، حکومت پٹرول کی قیمت کم کرے، حافظ نعیم الرحمن
ایران سے آزادانہ تجارت ، گیس پائپ لائن معاہدہ کی تکمیل یقینی بنائی جائے
حکومت ملک میں سیاسی بے چینی ختم کرے، عوام کو سہولت دے، امیر جماعت اسلامی پاکستان
لاہور: 15 جون 2026ء
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور معاہدے کو ایران کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیش رفت نے ثابت کردیا کہ بڑی سے بڑی طاقت بھی کسی قوم کی استقامت اور مزاحمت کے سامنے اپنے عزائم مسلط نہیں کرسکتی۔حکومت پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کرے، ایران سے آزادانہ تجارت ، پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ کی تکمیل کو یقینی بنائے۔
منصورہ سے جاری ویڈیو پیغام اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدہ طے پانے، آبنائے ہرمز کی بندش ختم کرنے اور حالات معمول پر لانے کے اعلان کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ متحد قومیں بڑے چیلنجز کا مقابلہ کرسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی قوم، قیادت اور عوام کے جذبے نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ اگر حکومت اور قوم ایک صفحے پر ہوں، عزم، صبر اور استقامت کے ساتھ کھڑے ہوں تو بڑی طاقتوں کو بھی اپنے فیصلے تبدیل کرنا پڑتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل نے بڑے بڑے دعوے کیے تھے کہ وہ ایرانی نظام، جوہری پروگرام، میزائل صلاحیت اور فوجی طاقت کو ختم کردیں گے، لیکن جنگ کا اختتام مختلف صورتحال میں ہوا اور اصل معاملہ آبنائے ہرمز تک محدود ہوگیا۔ انہوں نے اسے ایران کی تزویراتی کامیابی قرار دیا۔
انہوں نے ایران کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کے نقصانات اور مشکلات کو ایرانی قوم نے اپنی کمزوری نہیں بلکہ اپنی طاقت بنایا، یہی زندہ قوموں کا طرز عمل ہوتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کو بھی اس صورتحال سے سبق سیکھنا چاہیے۔ حکومت پاکستان نے ثالثی کے عمل میں کردار ادا کیا جو ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم ملک کے اندر قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے بغیر کسی بھی موقع سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں تمام اکائیوں، بشمول کشمیری، بلوچ، سندھی، مہاجر، پختون اور پنجابی عوام کو ایک قومی صفحے پر لانا ہوگا۔ اس کے لیے حکومت کو عوامی بے چینی کے اسباب ختم کرنے، عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کرنے اور انہیں سہولت دینے کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عالمی حالات میں تبدیلی کے بعد پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی معیشت اور توانائی کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات فوری طور پر عوام تک منتقل کیے جائیں۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرسکتا ہے، حتیٰ کہ ایکس ریفائنری (Ex-Refinery) تقریباً 200 روپے فی لیٹر تک آنے کی صورت میں حکومت عوام کو ریلیف دے سکتی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی سے ملکی معیشت کو ایک سال میں نمایاں بہتری مل سکتی ہے، جبکہ پیٹرولیم لیوی جیسے اقدامات پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاک سعودیہ دفاعی معاہدے کو وسعت دے کر اس میں ایران اور ترکیہ کو بھی شامل کیا جائے تاکہ خطے میں ایک مضبوط پیغام جائے اور خلیج میں مستقبل کے تنازعات کے امکانات کم ہوں۔
حافظ نعیم الرحمن نے زور دیا کہ پاکستان کو ایران کے ساتھ آزادانہ تجارت شروع کرنی چاہیے اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر فوری کام بحال کرکے اسے مکمل کرنا چاہیے، اس سے پاکستان کے توانائی بحران میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر ایرانی عوام، قیادت اور مزاحمت کارواں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن، تعاون اور خودمختاری کی بنیاد پر نئی پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
شکیل احمد ترابی سیکرٹری اطلاعات رابطہ نمبر:9559222-0321