(پریس ریلیز)
اسلام آباد (پ ر) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے جی این این نیوز کے رپورٹر یاسر ایاز کے اسلام آباد سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے سے اپنی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے، یاسر ایاز کی جی سیون ستارہ مارکیٹ سے اچانک گمشدگی نہ صرف ان کے اہلِ خانہ، دفتر، دوستوں اور ساتھیوں کے لیے اذیت ناک صورتحال ہے بلکہ یہ آزادی? صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی سنگین سوالات کو جنم دے رہی ہے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق عثمانی، جنرل سیکرٹری رضوان غلیزئی اور پوری ایگزیکٹو کونسل نے یاسر ایاز کی گمشدگی پرسخت تشویش اور اس گھناونے واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضلعی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی فوری بازیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، ان کے اہلِ خانہ اور صحافتی برادری کو جلد از جلد ان کی خیریت کے بارے میں آگاہ کیا جائے، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق عثمانی نے جی این این کے بیورو چیف میاں شاہد محمود سے بھی یاسر ایاز کی اس پر اسرار گمشدگی پر بھی تفصیل سے فیڈ بیک لیا بیورو چیف میاں شاہد محمود سمیت پورے دفتر کا سٹاف ان کے دوست ان کی گمشدگی پر نہ صرف پریشان ہیں بلکہ دارالحکومت میں ایسے واقعات پر سخت غصے میں ہیں۔
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی قیادت نے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یاسر ایاز کی فوری بازیابی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کریں، واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائے جائیں ان کی محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جائے اور اس گھناونے جرم میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، اس مشکل گھڑی میں تنظیم کی تمام تر ہمدردیاں یاسر ایاز کے اہلِ خانہ اور دفتر کولیگ کے ساتھ ہیں۔