راولپنڈی: مون سون کی پہلی بارش نے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے کی خامیاں بے نقاب کر دیں
راولپنڈی میں حکومتِ پنجاب کے اربوں روپے مالیت کے ایک بڑے ترقیاتی منصوبے کی کارکردگی مون سون کی پہلی ہی بارش میں سوالیہ نشان بن گئی۔ بارش کے بعد سامنے آنے والی صورتحال نے منصوبے کے تعمیراتی معیار اور شفافیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے دوران بلند و بانگ دعوے کیے گئے تھے اور اسے انتہائی خوبصورت اور جدید طرز پر کم وقت میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم پہلی ہی بارش نے ان دعوؤں کی حقیقت آشکار کر دی۔ عوامی حلقوں کے مطابق بارش کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات نے منصوبے میں ممکنہ ناقص تعمیراتی کام اور کرپشن کے خدشات کو مزید تقویت دی ہے۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ملک میں اکثر بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ کرپشن کے الزامات بھی جڑے رہتے ہیں، جس کے باعث عوام کو مطلوبہ سہولیات اور معیاری انفراسٹرکچر میسر نہیں آتا۔
یہ منصوبہ راولپنڈی کچہری کے علاقے میں تعمیر کیا گیا تھا اور اسے شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا تھا، تاہم حالیہ بارش کے بعد اس کی افادیت اور تعمیراتی معیار پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے معاملے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کا مطالبہ کیا ہے۔