معرکہ حق کی کامیابی سے کشمیریوں کے حوصلے بڑھے ہیں، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید



برسلز (پ۔ر)
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ معرکۂ حق (بنیان مرصوص) کی کامیابی سے کشمیریوں کے حوصلے بڑھے ہیں اور ان کی آواز مزید مضبوط ہوئی ہے۔ نیز مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا گیا ہے۔
وہ معرکۂ حق (بنیان مرصوص) کی کامیابی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں کونسل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص (بنیان مرصوص یعنی “سیسہ پلائی ہوئی دیوار”) پاکستانی مسلح افواج کی جانب سے دیرینہ دشمن بھارت کی جارحیت کے منہ توڑ جواب اور تاریخی کامیابی کی علامت ہے، جس کی پہلی سالگرہ اس ماہ یعنی مئی 2026 کو منائی جارہی ہے۔
علی رضا سید نے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کے دفاع، سلامتی اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے اور اس ایک اہم کامیابی کو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کا حقیقی وکیل ہے اور اسے عالمی سطح پر مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہو سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے اثرورسوخ میں اضافہ ہوا ہے اور اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششیں کی جائیں۔
انہون نے کہاکہ بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، سیاسی جبر اور فوجی محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں۔ 1947 سے ابتک کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے، مسئلہ کشمیر خصوصاً 5 اگست 2019 کے بعد ایک نئے مرحلے میں داخل ہوا، جب بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے مقبوضہ علاقے میں اپنے ظلم وستم کو بڑھا دیا ہے۔ کشمیری عوام مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دیا جائے اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق، مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل نکالا جائے۔
تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور معرکہ حق کی سالگرہ پر پاکستان کے عوام، حکومت اور افواج کو مبارک پیش کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق اور آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور عالمی برادری کو اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
تقریب میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، سفارتکاروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اہم شرکاء میں صدر ورلڈ کشمیرڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر چوہدری خالدجوشی، پی پی پی بلجیئم کے رہنماء شیراز بٹ اور ملک اجمل، سینئرکشمیری رہنما سردار صدیق اور راجہ خالد، پاکستان پریس کلب بلجیئم کے صدر چوہدری عمران ثاقب، استحکام پاکستان کے رہنما فرید خان، سفارت خانہ پاکستان بلجئیم کے پریس قونصلر صغیر احمد وٹو اور منسٹر کسٹمز سید اسد رضوی اور کمیونٹی رہنما سلیم میمن شامل تھے۔ دیگر سماجی کارکنوں اور کاروباری افراد میں راجہ عبداقیوم اور مہرندیم بھی شامل تھے۔