بنوں پولیس شہر سے منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے پُرعزم ، 6 کنال اراضی پر کاشت کی گئی پوست (افیون) کی فصل تلف، ملزمان کے خلاف مقدمات درج
ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی سربراہی میں بنوں پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تھانہ ٹاؤن شپ کی حدود میں اہم کامیابی حاصل کی۔ ڈی ایس پی صدر سرکل ریاض خٹک کی نگرانی میں ڈومیل، ٹاؤن شپ اور بسیہ خیل پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے 6 کنال اراضی پر غیر قانونی طور پر کاشت کی گئی پوست (افیون) کی فصل کو تلف کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بنوں پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ تھانہ ٹاؤن شپ کے علاقے دوامنزی بیزان خیل میں منشیات کے مقصد کے لیے پوست کی کاشت کی گئی ہے۔ اطلاع پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر مذکورہ اراضی پر موجود فصل کو مکمل طور پر تلف کر دیا۔ کارروائی کے دوران ملوث ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت تھانہ ٹاؤن شپ میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او بنوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بھر میں منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے، اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔