کراچی میں شارع فیصل ایف ٹی سی کے قریب قوم پرست جماعت کی ریلی اور پولیس کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں علاقے میں صورت حال کشیدہ ہوگئی اور ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا۔
پولیس کے مطابق ریلی کے شرکا شارع فیصل سے کراچی پریس کلب کی جانب بڑھ رہے تھے۔ پولیس نے مظاہرین کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر متبادل راستے سے جانے کی ہدایت کی، تاہم شرکا نے انکار کردیا جس پر دونوں جانب سے تکرار شروع ہوگئی۔تکرار کے بعد صورتحال سنگین ہوئی اور مشتعل مظاہرین نے موقع پر موجود گاڑیوں پر پتھراو کیا، جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، جبکہ ریلی کے شرکا کی جانب سے پولیس پر پتھراو کا عمل جاری رہا۔ کچھ مظاہرین نے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچایا اور مختلف مقامات پر حراساں کرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ منہازور علی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود رہے۔پولیس کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث ایف ٹی سی کے مقام سے شارع فیصل کو بند کردیا گیا ہے اور شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کی طرف کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔تصادم کے باعث شارع فیصل پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور علاقے میں شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
کراچی میں قوم پرست جماعت کے کارکنان ایک بار پھر شاہراہ فیصل ریجینٹ پلازہ کے قریب جمع ہوگئے، جہاں مشتعل افراد نے شاہراہ فیصل کے ایک ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ایف ٹی سی سے میٹروول جانے والا ٹریک بدستور بحال ہے۔مشتعل افراد نے صدر تھانے میں داخل ہو کر پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی تھی۔
گزشتہ روز انہی عناصر نے شارع فیصل پر خواتین کو حراساں کیا اور ایمبولنس کو بھی نقصان پہنچایا تھا ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور شہری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعے پر وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کی ہے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے پر، جس میں ایک شخص کو شہری سے نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈی آئی بی انچارج ساؤتھ سب انسپیکٹر کامران اشر کو معطل کر کے ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ شہریوں سے نازیبا الفاظ کا استعمال کسی صورت قابلِ برداشت نہیں اور عوام کے ساتھ بدسلوکی کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔