قومی احتساب بیورو نیب نےمرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف ،سابق وفاقی وزیرسید ذوالفقار عباس بخاری المعروف زلفی بخاری کی 800 کنال زرعی اراضی دفتربلدیہ جنڈ میں نیلام کر دی ،قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر جنڈ نے اس حوالے سے باضابطہ نیلامی اشتہار جاری کیا تھا،اسسٹنٹ کمشنر جنڈکے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈ انوسٹی گیشن ونگ کے احکامات پر کی گئی ہے،زلفی بخاری کی نیلام ہونے والی اراضی میں ایک رقبہ 771 کنال 9 مرلے اور دوسرا رقبہ 25 کنال 7 مرلے پر مشتمل ہے، واضح رہے کہ زلفی بخاری 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں،یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں اشتہاری ملزم زلفی بخاری کی جائیداد ریفرنس کے ساتھ ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے تھے،یادرہے کہ زلفی بخاری ،بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ،سابق وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی ہیں اور ان کی دو شادیوں کے نکاح نامہ میں بطور گواہ کے طور پرموجود رہے ،زلفی بخاری کا تعلق اٹک کے گاوں کامرہ سے ہے ان کے چچا سید اعجاز بخاری ایڈووکیٹ ،رکن پنجاب اسمبلی پاکستان تحریک انصا ف ہیں ان کے والد سید واجد بخاری نگران دور حکومت میں وفاقی وزیرجبکہ چچا زاد بھائی یاور بخاری ،سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی کابینہ میں وزیر تھے،زلفی بخاری نے سوشل میڈیا پر جاری کر دہ اپنے بیان میں کہاہے کہ ان کی 796 کنال آبائی زمین نیلامی کے لیے پیش کی گئی اٹک کے لوگوں نے عزت اور وقار کا مظاہرہ کیا اور کسی نے بھی نیلامی میں حصہ نہیں لیا، حتی کہ نیلامی کے اختتام تک ایک بھی بولی نہیں لگائی گئی تاہم، باضابطہ اختتام کے بعدنامعلوم افراد نے کچھ لوگوں کے فون چھین لیےاور نیب کے افسران کی موجودگی میں ایک بےنامی شخص، چوہدری تنویر ولد کرم دین، رہائشی ترنول، کو لایا گیا تاکہ زمین کو خفیہ طور پرخریدسکے یہ پہلے سے طے شدہ غیر قانونی لین دین تھا جو بنیادی قانونی تقاضوں پر بھی پورا نہیں اترا،کل خدا جانے اور کیا کچھ بیچ دیا جائے گا ،سب صرف اس لیے کہ عمران خان اور ہم جیسے لوگ جھکنے یا غداری کرنے سے انکار کرتے ہیں مگر میرا ایمان مضبوط ہے،اللہ سب سے بہتر محافظ اور سب سے بہترین منصوبہ ساز ہےمیں نے اپنا معاملہ اسی کے سپرد کیا ہے اور آج بھی سر اٹھاکر، مسکراتے ہوئے، سکون سے بیٹھا ہوں،دریں اثناعمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھی راولپنڈی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس نیلامی کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان نے اپنے پیغام میں اس نیلامی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ انہیں جھکانے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈے استعما ل کیا جارہے ہیں۔
