وزیراعظم کا وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی کے پرائیویٹ سیکریٹری کی جانب سے نائب قاصد پر تشدد کا سخت نوٹس — محمد بلال برطرف، اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر)
وزیراعظم پاکستان نے وفاقی وزیر برائے ثقافت و قومی ورثہ اورنگزیب کھچی کے پرائیویٹ سیکریٹری و ڈائریکٹر محمد بلال کی جانب سے وزارت کے نائب قاصد پر مبینہ تشدد کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے اور فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم نے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سرکاری ادارے میں اس طرح کے غیر انسانی سلوک کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ملازمین برابر ہیں اور ان کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی سیاستدان کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنے پرائیویٹ عملے سے نچلے درجے کے ملازمین پر تشدد کروائے۔
وزیراعظم کی واضح ہدایت پر سیکریٹری ثقافت و قومی ورثہ اسد گیلانی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اورنگزیب کھچی کے ڈائریکٹر محمد بلال کو عہدے سے برطرف کر دیا، جبکہ واقعے کی شفاف انکوائری کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی کو وزیراعظم ہاؤس طلب کر کے سخت سرزنش کی اور ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ طاقت کا غلط استعمال نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ ریاستی نظم و ضبط کے بھی خلاف ہے۔
یہ واقعہ وزیراعظم کی جانب سے سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور اداروں میں نظم و ضبط کی بحالی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعظم نے یہ پیغام دیا ہے کہ ہر شہری خواہ وہ کسی بھی عہدے پر فائز ہو، قانون کی نظر میں برابر ہے