سابق چئیرمین فیسکو تحسین اعوان کی فیکٹری سے ڈیجیٹل اسکیم فراڈ کیس میں گرفتار 149 ملکی و غیر ملکی ملزمان فیصل آباد کی عدالت میں پیش

سابق چئیرمین فیسکو تحسین اعوان کی فیکٹری سے ڈیجیٹل اسکیم فراڈ کیس میں گرفتار 149 ملکی و غیر ملکی ملزمان کو فیصل آباد کی سینئیر سول جج محمد اشفاق کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں تحقیقاتی ٹیم نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ جس پر عدالت نے 62 پاکستانی ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے حوالے کر دیا۔ جبکہ 20 خواتین سمیت 71 ملکی و غیر ملکی ملزمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا،،، عدالت نے جسمانی ریمانڈ پر جانے والی خواتین ملزمان کو بھی جیل میں رکھنے کے احکامات دیے اور تحقیقاتی ٹیم کو خواتین ملزمان سے جیل میں ہی تفتیش کرنے کی ہدایت کی۔

ملزمان کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
جبکہ دوسری جانب مرکزی ملزم سابق چئیرمین فیسکو تحسین اعوان کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ لیکن نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مرکزی ملزم تحسین اعوان کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا ہے۔
این سی سی آئی نے ملزم تحسین اعوان کا نام پی این آئی ایل میں ڈالنے کی درخواست دے دی۔ تاکہ ملزم بیرون ملک فرار نا ہو سکے۔
گزشتہ روز نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے تھانہ بلوچنی کے علاقہ 54 ر ب میں سابق چئیرمین فیسکو تحسین اعوان کی میڈیسن فیکٹری میں چھاپہ مار کر 149 ملکی و غیر ملکی مرد و خواتین کو حراست میں لیا تھا۔ گرفتار ملزمان میں چین، نائجیریا، فلپائن، سری لنکا، بنگلہ دیش، اور میانمار کے باشندے بھی شامل ہیں۔ ملزمان پونزی اسکیم اور انویسٹمںٹ کا جھانسہ دیکر مالی فراڈ کرتے اور شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیاتے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں