کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کا ایجنٹ گرفتار، بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد
کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے تعلق رکھنے والے ایک ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے بڑی مقدار میں بھارتی ساختہ اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق، گرفتار ملزم کے قبضے سے 222 بور رائفل، 12 بور بندوق اور 972 گولیاں برآمد ہوئیں۔ یہ اسلحہ شہر کراچی میں دہشتگردی کی بڑی کارروائیوں کے لیے چھپایا گیا تھا، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق، گرفتار شخص کا تعلق براہِ راست بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے ہے اور وہ مبینہ طور پر پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔ رینجرز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شہر کے حساس علاقے میں چھاپہ مارا اور اسے گرفتار کیا۔
تحقیقات کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اسلحہ کراچی میں فرقہ واریت اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے لیے استعمال ہونا تھا۔ مزید تفتیش جاری ہے اور سیکیورٹی ادارے اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا ملزم کے دیگر ساتھی بھی شہر میں موجود ہیں۔
پاکستان رینجرز نے اس کامیاب کارروائی کو قومی سلامتی کے لیے اہم کامیابی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی بھی دشمن قوت کو پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔