کشمیر کونسل ای یو کی جانب سے یورپ میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی مہم تیز، برسلز میں اہم سیمینار کا انعقاد

کشمیر کونسل ای یو کی جانب سے یورپ میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی مہم تیز، برسلز میں اہم سیمینار کا انعقاد

– چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین (ای یو) نے یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی سرگرمیوں میں مزید تیزی پیدا کر دی ہے۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے یورپی حکام کو خط لکھ کر جنوبی ایشیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر فوری توجہ دینے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

اسی سلسلے میں کشمیر کونسل ای یو کی جانب سے یورپین پریس کلب برسلز میں ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے علمبرداروں، کشمیری رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر ہالینڈ سے آنے والی معروف انسانی حقوق کی کارکن ماریانا لوکس نے عالمی برادری، خصوصاً یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ اُنہوں نے خبردار کیا کہ جنوبی ایشیا میں دو نیوکلیئر طاقتوں کی موجودگی میں اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو ایک خطرناک سانحہ جنم لے سکتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیری عوام متحد ہو کر اپنی آواز کو عالمی سطح پر بلند کریں۔

سیمینار میں دیگر کشمیری رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ اس دیرینہ تنازع کے حل میں مؤثر کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں