اگر بھارت نے کوئی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا،

شرقپور شریف وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کوئی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا، ایسا جواب کہ بھارت کا بچہ بچہ اسے یاد رکھے گا۔ وہ شرقپور شریف میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور اپنی سالمیت و خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج ہر طرح کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور دشمن کی کسی بھی سازش کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی ہر سطح پر مذمت کی ہے اور دنیا بھر کی عالمی برادری اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر دنیا کو اب بھارت کی چالاکیوں کا ادراک ہو چکا ہے۔رانا تنویر حسین نے بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار ہوش کے ناخن لے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی قوانین بنا رہی ہے اور داخلی طور پر اپنی ناکام پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات لگا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خود بھارت کے اندر مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں اور وہاں کی اقلیتیں خصوصاً مسلمان شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی اپنی گرتی ہوئی سیاسی ساکھ کو بچانے کے لیے خطے کا امن داؤ پر لگا رہا ہے، مگر پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ پاکستان کی افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں، جو ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اگر دشمن نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے سخت ترین انجام بھگتنا پڑے گا۔..طہماسپ علی نقوی شرقپورشریف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں