لارڈ شفق محمد کو حلف اٹھانے پر چیئرمین کشمیر کونسل پاکستان علی رضا سید کی مبارکباد

لارڈ شفق محمد کو حلف اٹھانے پر چیئرمین کشمیر کونسل پاکستان علی رضا سید کی مبارکباد
برسلز:
کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کشمیری نژاد برطانوی سیاستدان شفیق محمد کو برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے برسلز سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہاکہ نو منتخب لارڈ شفق محمد ایک شفیق انسان اور ایک مدبر اور زیرک سیاستدان ہیں اور اپنے کشمیری پس منظر پر فخر کرتے ہیں۔
علی رضا سید نے کہاکہ کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر خصوصاً اعلیٰ یورپی حلقوں میں اجاگر کرنے کے لیے لارڈ شفق محمد کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ خاص طور پر اس سے قبل انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر اور خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کے انسانی حقوق کو اجاگر کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ لارڈ شفق محمد کا انصاف اور انسانی حقوق کے لیے عزم دوسروں کے لیے بھی مشعل راہ ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ ہمیں پورا یقین ہے کہ ان کی نئی ذمہ داری کشمیر میں مظلوموں کی آواز کو مزید بلند کرنے میں اہم ثابت ہوگی اور وہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے پرامن حل کی کوششوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ہم شفق محمد کی مزید کامیابی کے خواہاں ہیں اور ان کے وقار کی مزید بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ وہ مظلوم کشمیری عوام کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں