ہم تیرہ جولائی کے شہداء کو فراموش نہیں کرسکتے، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید

برسلز: ہم تیرہ جولائی کے شہداء کو فراموش نہیں کرسکتے، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید
برسلز (پ۔ر)
کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ تیرہ جولائی کے شہدائے کشمیر نے قربانیوں کی عظیم داستان رقم کی ہے، ہم تیرہ جولائی کے شہداء کو ہرگز فراموش نہیں کر سکتے۔
انہوں نے یہ بات تیرہ جولائی کے یوم شہداء کی مناسبت سے برسلز میں منعقدہ کشمیرکونسل کی کورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر کے شہداء نے اپنے خون سے جدوجہد آزادی کی آبیاری کی ہے، خاص طور تیرہ جولائی ۱۹۳۱ء کے شہداء نے آزادی کشمیر کی تحریک کو بنیادی تقویت و حوصلہ فراہم کیا ہے۔
یاد رہے کہ تیرہ جولائی ۱۹۳۱ء کو اس وقت کے ڈوگرہ راج کے حکم پر سرکاری اہلکاروں نے فائرنگ کرکے سری نگرجیل کے باہر ان بائیس کشمیریوں کو شہید کردیا تھا جو ایک کشمیری رہنماء عبدالقدیر کے خلاف مقدمے کی کاروائی دیکھنے کے لیے کئی دیگر لوگوں کے ساتھ جیل کے باہر جمع تھے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ اگرچہ مظالم کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے لیکن ۲۰۱۹ کے بعد جب سے مودی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ہے، اس وقت سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم بڑھ گئے ہیں۔ قتل و غارت شدت سے جاری ہے اور متعدد کشمیری رہنماء اور انسانی حقوق کے کارکن پابند سلاسل ہیں۔
علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عالمی برادری بشمول یورپی یونین بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ بھارت مقبوضہ کشمیرکے لوگوں پر ظلم و ستم بند کرے، اپنی قابض افواج کو مقبوضہ کشمیر سے نکائے، کشمیریوں کی نسل کشی و قتل و غارت کو بند کرے، اور این جی اوز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو جموں و کشمیر آنے کی اجازت دی جائے۔ اس کے علاوہ انسانی حقوق کے بارے میں عالمی اداروں کے معاہدوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے۔ انہوں نے یاسین ملک، شبیرشاہ اور خرم پرویز سمیت بھارتی جیلوں میں پابند سلاسل تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
اجلاس کے دیگر شرکاء نے بھی شہدائے ۱۳ جولائی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے ظلم و ستم کا سلسلہ شدت سے جاری ہے اور بھارتی حکام نے پچھلے چند سالوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کو بڑی بے دردی سے اپنے مظالم کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ انسانی حقوق کے کئی علاقائی اور عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تشویش ظاہر کرچکے ہیں۔
اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوایا جائے، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں