اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کی افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل سے ملاقات
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغان امن عمل اور خطے پر اسکے اثرات بارے تفصیلی گفتگو ہوئی
پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں تعینات افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغان امن عمل اور خطے پر اسکے اثرات بارے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ایمل ولی خان نے افغان سفیر کو بھرپور یقین دلایا کہ عوامی نیشنل پارٹی تشدد کے ذریعے کسی بھی فریق کی افغانستان پر قبضے کی حمایت نہیں کرے گی اور نہ ہی کسی متشدد فریق کو افغانستان سپرد کرنے کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے مشروط ہے اور افغان امن مذاکرات کی کامیابی اس پورے خطے کے امن کی ضمانت ہے۔ اگر افغانستان میں بدامنی جاری رہے گی تو اس کا اثر پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک اور بالخصوص پشتونوں پر سب سے زیادہ ہوگا لیکن پشتون مزید یہ خونریزی اور نقصانات برداشت نہیں کرسکتے۔ ایمل ولی خان نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئے جاری کوششیں ضرور رنگ لائے گی اور مذاکرات کے ذریعے خطے میں دیرپا امن قائم ہوگا جس سے افغانستان، پاکستان اور پورے خطے کا مفاد جڑا ہوا ہے۔ اس موقع پر ایمل ولی خان نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے عوامی نیشنل پارٹی جو بھی ذمہ داری سپرد کی جائیگی، ہم امن کی خاطر ہر کسی کے پاس جانے کو تیار ہیں۔