ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے پاکستان نے عام انتخابات پرامن اور کامیابی کے ساتھ منعقد کیے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے متعلق بعض ممالک اور تنظیموں کے بیانات کو دیکھا ہے، ہم ان میں سے بعض بیانات کے منفی لہجے پر حیران ہیں۔یہ بیانات انتخابی عمل کی پیچیدگی کو مدنظر نہیں رکھتے، نہ ہی یہ بیانات لاکھوں پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے آزادانہ استعمال کو تسلیم کرتے ہیں۔ یہ بیانات نہ تو انتخابی عمل کی پیچیدگی کو مدنظر رکھتے ہیں اور نہ ہی لاکھوں پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے آزادانہ اور پرجوش استعمال کو تسلیم کرتے ہیں، یہ بیانات اس ناقابل تردید حقیقت کو نظر انداز کرتے ہیں کہ پاکستان نے عام انتخابات پرامن اور کامیابی کے ساتھ منعقد کیے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کچھ بیانات حقیقت پر مبنی بھی نہیں ہوتے، ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش نہیں تھی، پولنگ کے دن دہشت گردی کے واقعات سے بچنے کے لیے صرف موبائل سروس کو دن بھر کے لیے معطل رکھا گیا۔ انتخابی عمل نے یہ ظاہر کیا ہے کہ بہت سے مبصرین کے خدشات غلط تھے، پاکستان نے ایک مستحکم اور جمہوری معاشرے کی تعمیر کے عزم کے تحت انتخابات کا انعقاد کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اگرچہ ہم اپنے دوستوں کے تعمیری مشوروں کو اہمیت دیتے ہیں، لیکن انتخابی عمل کی تکمیل سے قبل منفی تبصرہ کرنا تعمیری نہیں، پاکستان ایک متحرک جمہوری نظام کی تعمیر کے لیے کام جاری رکھے گا۔ اقتدار کی پرامن منتقلی ہمیں اس مقصد کے قریب لاتی ہے، ہم یہ دوسروں کی طرف سے ظاہر کیے گئے خدشات کی وجہ سے نہیں بلکہ اس لیے کرتے ہیں کہ یہ ہمارے لوگوں کی خواہش اور ہمارے بانیوں کا وژن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں