تحریک لبیک کی ریلی،ٹریفک پولیس کے انتظامات مکمل
لیاقت باغ سے فیض آباد تک ٹریفک کومتبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا
صدر سے مری روڈ جانیوالی ٹریفک کو مریڑچوک سے کچہری چوک کی طرف بھیجا جائیگا
راولپنڈی (سٹی رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے 27فروری کو لیاقت باغ سے تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے نکالی جانے والی ریلی کے موقع پر شہریوں کو ٹریفک کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹر نے 27فروری کو شہید ممتاز قادری کی یاد میں تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے لیاقت باغ سے نکالی جانے والی ریلی کے موقع پر شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک ڈائیورشن جاری کر دیا۔ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹر کے مطابق ریلی کے اوقات میںٹریفک کو لیاقت باغ سے فیض آباد تک متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔جس کے مطابق صدر سے مری روڈ جانے والی ٹریفک کو مریڑچوک سے کچہری چوک کی طرف بھیجا جائے گا۔راجہ بازار سے مری روڈ آنے والی ٹریفک کو DAVکالج چوک اور اکبر انٹر نیشنل ہوٹل سے ڈائیورٹ کیا جائے گا۔کمیٹی چوک انڈر پاس اور کمیٹی چوک سے آنے والی ٹریفک کو ڈھوک کھبہ کی طرف بھیجا جائے گا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ ریلی کے اوقات میں مری روڈ پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو احسن طریقے سے برقرار رکھنے کے لیے تمام پوائنٹس پر اضافی ڈیوٹی تعینات کی گئی ہے۔ اس موقع پر شہریوں سے بھی گزاریش ہے کہ مری روڈ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر متبادل راستوں کا استعمال کریں۔