بوریوالہ: شادی کی تقریب میں فائرنگ، ایک جاں بحق، متعدد زخمی

*بوریوالہ: شادی کی تقریب میں فائرنگ، ایک جاں بحق، متعدد زخمی*
بورے والا کے نواحی علاقے تھانہ گگو کی حدود 275 ای بی میں شادی کی تقریب اس وقت میدانِ جنگ بن گئی جب مخالف گروپوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق برات کے موقع پر دونوں پارٹیوں میں تلخ کلامی کے بعد فائرنگ، سوٹوں اور اینٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔
واقعے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ کم از کم چھ افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عتیق کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں علی حیدر اور عرفان سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ شدید زخمیوں میں سے دو کو ساہیوال ریفر کر دیا گیا جبکہ ایک زخمی بورے والا ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ دوسری پارٹی کے تین زخمی گگو ہسپتال میں زیر علاج ہیں جنہیں سوٹوں اور اینٹوں کے وار لگے۔
ذرائع کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی موجود تھی اور دلہے کے بھائی کا مخالفین کے ساتھ تنازع چل رہا تھا، جس کے باعث اس کا گاؤں میں داخلہ بھی ممنوع بتایا جاتا ہے۔ گزشتہ رات مہندی کی تقریب میں بھی جھگڑا ہوا تھا جسے مقامی پنچائیت نے وقتی طور پر ختم کروا دیا تھا، تاہم برات کے موقع پر دلہے کے بھائی کی جانب سے نوٹ نچھاور کرنے پر مخالف پارٹی مشتعل ہو گئی اور حملہ آور ہو گئی۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ گگو پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں