سیاسی و مذہبی جماعتیں اختلافات بھلا کر قومی یکجہتی اور ریاستی اداروں کی حمایت کریں، سید کوثر عباس

راولپنڈی () سماجی رہنما اور سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے سیاسی اور مذہبی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام اختلافات بھلا کر قومی یکجہتی، اتحاد اور ریاستی اداروں کی حمایت کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن معلومات پھیلانے سے ہر صورت گریز کیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچتا ہے۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید کوثر عباس نے کہا کہ یکجہتی اور اتحاد ہی وہ قوت ہے جو پاکستان کو عالمی سطح پر مزید مضبوط، باوقار اور مستحکم بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور سول حکومت کی قیادت میں عالمی سطح پر ایک اہم اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، جس کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ بہتر ہو رہی ہے۔

سید کوثر عباس نے مزید کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی خارجہ پالیسی نہایت متوازن، ذمہ دارانہ اور مؤثر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا اہم کردار جلد نمایاں ہو کر سامنے آئے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اس تنازع کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا کردار انتہائی اہم، مؤثر اور قابلِ ستائش ہے۔

سید کوثر عباس نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض عناصر کی جانب سے غلط اور گمراہ کن معلومات پر مبنی مہم چلائی جا رہی ہے جو نہایت قابلِ مذمت ہے۔اس منفی رجحان کے خاتمے کے لیے علمائے کرام، سیاسی و سماجی قیادت اور دیگر مؤثر حلقوں کا کردار انتہائی اہم ہے تاکہ معاشرے میں انتشار، نفرت اور بداعتمادی کو روکا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھی قسم کی غلط معلومات، ریاستی اداروں کے خلاف منظم مہم اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانے والے بیانیے کا مکمل خاتمہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اتحاد، ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور ریاستی اداروں کے ساتھ یکجہتی کے ذریعے ہی پاکستان کو موجودہ چیلنجز سے نکال کر ترقی، امن اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں