یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان ہاؤس لندن میں پرچم کشائی کی تقریب ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستانی پرچم لہرایا

یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان ہاؤس لندن میں پرچم کشائی کی تقریب

پاکستان ہاؤس لندن میں منعقدہ ایک سادہ اور باوقار تقریب میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی پرچم لہرایا۔

تقریب میں ہائی کمیشن کے حکام، برطانوی‘ پاکستانی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ 

تقریب میں صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

ہائی کمشنر نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ یوم پاکستان ہمارے بانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو متحد کیا تاکہ وہ ایک قوم کے طور پر یکجا ہو کر آزادانہ طور پر زندگی گزار سکیں اور اپنی رسوم و روایات کے مطابق زندگی بسر کریں۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے۔ تاہم پاکستان پڑوسی ممالک کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔ 

ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی قوم مشکلات کے باوجود ہمت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ اور وفاقی کابینہ کی ہدایات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن کفایت شعاری کے اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کر رہا ہے۔ تاہم، یہ اقدامات ہائی کمیشن کی کارکردگی اور کام کو متاثر نہیں کریں گے۔

انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی نمایاں خدمات اور مختلف شعبوں میں ان کی غیر معمولی کارکردگی کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابیاں پاکستان کے لیے بے پناہ فخر کا باعث ہیں۔

ہائی کمشنر نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کے حق خودارادیت کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں