لاہور۔ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قائد محمد نواز شریف جدید پاکستان کے معمار ہیں، ملک کے کونے کونے میں ترقیاتی کاموں کا سہرا نواز شریف کو جاتا ہے، پی ٹی آئی نے کردار کشی اور نفرت کی سیاست کو فروغ دیا، تبدیلی کا نعرہ لگا کر ملک میں تباہی لائی گئی،وزیر اعظم محمد شہباز شر یف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا، کسی کو ترقی کا سفر روکنے کی اجاز ت نہیں دیں گے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پریس کلب لاہور میں سینئر صحافی محمد نواز رضا کی کتاب مرد آہن محمد نواز شریف کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال، وفاقی وزیر غدائی تحفظ رانا تنویر حسین، مجیب الرحمن شامی، ارشد انصاری، سجاد میر، نوید چوہدری، حامد ڈوگر، رانا کوثر، رحمان بھٹہ، امیر العظیم سلمان غنی، عابد تہامی و دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافت اور صحافیوں سے تعلق بہت پرانا ہے، یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں آج ان سینئر صحافیوں کے درمیان موجود ہوں جنہوں نے اپنے قلم کے ذریعے پاکستان کی کئی دہائیوں خدمت کی ہے۔ انہوں نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کتاب کے مصنف محمد نواز رضا، مرحوم عرفان صدیقی، خواجہ فاروق سعید مرحوم ، ڈاکٹر اجمل نیازی کا صحافتی کیریئر کئی دہائیوں پر مشتمل ہے، انہوں نے مثبت صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف جدید پاکستان کے معمار ہیں،عوام کو ریلیف کی فراہمی محمد نواز شریف کا نصب العین ہے، اگر بات ملکی ترقی ہو یا معاشی بحالی، تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ قائد محمد نواز شریف اور ان کے خاندان نے ملک میں معاشی اصلاحات متعارف کروائیں، شاندار ترقیاتی منصوبے دیئے، صنعتی ترقی کو فروغ دیا، ملک کے کونے کونے میں ترقیاتی کاموں کا سہرا نواز شریف کو جاتا ہے۔ موٹرویز کا قیام ہو،ہسپتال ہوں، فلاحی منصوبے ہوں ، ہر منصوبے پر محمد نوازشریف کی مہر لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف خاندان کا عوام کی خدمت کا یہ سفر کئی دہائیوں پر محیط ہے ، قائد کے والد نے 60 اور 70 کی دہائی میں ایشیا کی سب سے بڑی سٹیل فیکٹری لگائی اور اس دور میں ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دیا ،1985 کے بعد ترقی اور خدمت کے دور کا آغاز ہوا، میں جہاں بھی جاتا ہوں ہر ترقیاتی منصوبے پر معمار پاکستان محمد نوازشریف کی مہر لگی ہے، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا سنگ بنیاد نواز شریف کے دور میں رکھا گیا، کارڈیالوجی ہسپتال کی بات ہو یا پی کے ایل آئی ہسپتال ،موٹر ویز ہوں یا ایٹمی طاقت کا حصول یہ سب محمد نواز شریف کی مدبرانہ قیادت کی بدولت ہے، پی کے ایل آئی میں اب تک ملک بھر سے آنے والے 1000 سے زائد مریضوں کے جگر کے کامیاب آپریشن ہوچکے ہیں، سوچیے اگر دل کا ہسپتال نہ بنایا ہوتا تو دل کے مریض کہاں جاتے، یہ لوگ پہلے موٹروے پر بھی تنقید کرتے تھے اور آج اسی موٹروے پر جنگی حالات میں جہاز بھی اترتے ہیں۔ خدمت اور ترقی کے اس سفر کو وفاق میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور پنجاب میں مریم نواز جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک میں وضع داری اور رواداری کی سیاست کو فروغ دیا، 2013 کے الیکشن میں بانی پی ٹی آئی کرین سے گر کر زخمی ہوئے تو محمد نواز شریف نے فورا اجلاس بلایا، اظہار ہمدردی کے لئے جلسے منسوخ کئے، ہسپتال جا کر بانی پی ٹی آئی کی تیمارداری کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کے اندر وضع داری ہوتی ہے، محمد نواز شریف نے ملک میں رواداری کی سیاست کو پروان چڑھایا جبکہ دوسری طرف ایک انتشاری ٹولے نے کردار کشی و نفرت کی سیاست کو فروغ دیا، نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی، عوام کے ذہنوں میں زہر بھرا گیا، پی ٹی آئی نے ملک اور معیشت کو شدید نقصان پہنچایا، تبدیلی کا نعرہ لگا کر ملک میں تباہی لائی گئی، پی ٹی آئی نے کردار کشی اور نفرت کی سیاست کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت پہلے بھی ہوا کرتی تھی لیکن سیاسی مخالفت میں کسی نے آئی ایم ایف کو خط نہیں لکھا تھا کہ امداد نہ کی جائے، کسی نے اس خواہش کا اظہار نہیں کیا تھا کہ کاش ملک ڈیفالٹ ہوجائے، یا کسی کی غمی خوشی میں شامل نہ ہونے کی روایت نہیں تھی، ان لوگوں نے اپنے ذاتی مفادات میں ملک میں نفرت کے جو بیچ بوئے، اداروں پر حملے کئے اور تباہی و بربادی برپا کی۔ عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والوں نے 12 سال میں خیبر پختونخوا کو تباہ کر دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ12 سال میں خیبر پختونخوا میں ایک بھی پی کے ایل آئی جیسا ہسپتال نہ بن سکا، ان کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں ملکی معیشت کو استحکام ملا، معاشی اشاریے بہتر ہوچکے ہیں،آج عالمی ادارے ملکی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر اب جاری رہے گا اور کسی کو بھی اس سفر کو روکنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ آخر میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطار اللہ تارڑ نے شعر کے ساتھ اپنے خطاب کا اختتام کیا۔
کب یاروں کو تسلیم نہیں، کب کوئی عدو انکاری ہے
اس کوئے طلب میں ہم نے بھی دل نذر کیا جاں واری ہے
جب ساز سلاسل بجتے تھے ، ہم اپنے لہو میں سجتے تھے
وہ ریت ابھی تک باقی ہے، وہ رسم ابھی تک جاری ہے
کچھ اہلِ ستم،کچھ اہل حشم مے خانہ گرانے آئے تھے
دہلیز کو چوم کے چھوڑ دیا دیکھا کہ یہ پتھر بھاری ہے
زخموں سے بدن گلزار سہی پر ان کے شکستہ تیر گنو
خود ترکش والے کہہ دیں گے یہ بازی کس نے ہاری ہے