ڈی جی آئی ایس پی آر کی سخت و دوٹوک پریس بریفنگ
ریاست پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں، ایک شخص نیشنل سکیورٹی تھریٹ بن چکا ہے: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری
اسلام آباد: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان سے بڑھ کر کوئی شخص، جماعت یا مفاد نہیں، ایک شخص کی خواہشات اتنی بڑھ چکی ہیں کہ وہ سمجھتا ہے “میں نہیں تو کچھ نہیں”۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب سیاست نہیں، قومی سلامتی کا معاملہ ہے اور وہ شخص بیرونی عناصر سے مل کر ریاست کے خلاف بیانیہ بنا رہا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی ایف ہیڈکوارٹر کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھا۔
نیشنل سکیورٹی تھریٹ، سیاست نہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ریاست کے خلاف بیانیہ دینے والا فرد صرف اپنی ذات کو ریاست سے بڑا سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ:
“اگر کوئی فوج پر حملہ کرے گا تو ہم بھی جواب دیں گے، فوج کسی سیاسی ایجنڈے کی عکاس نہیں، ہمیں اپنی سیاست سے دور رکھا جائے۔”
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ عوام اور مسلح افواج میں دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف عوام کو بھڑکانا قومی مفاد کے منافی ہے۔
آزادی اظہار کے نام پر پروپیگنڈا قابل قبول نہیں
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 19 اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے لیکن یہ آزادی ریاست اور قومی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مخصوص فرد کے بیانات اور ٹوئیٹس کو بھارتی میڈیا اور بیرونی ٹرولز آگے بڑھاتے ہیں۔ بھارتی میڈیا اور افغان سوشل میڈیا باقاعدہ اس مہم میں شامل ہوئے۔
پولیٹیکل—ٹیرر کرائم نیکسس
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سخت الفاظ میں کہا کہ:
“یہ ایک ذہنی مرض نہیں بلکہ ٹیرر کرائم نیکسس ہے جس میں منشیات، نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم شامل ہیں۔”
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ شخص دہشتگردوں سے مذاکرات کی بات کرتا ہے، پاکستانی سپاہیوں اور بچوں کے قاتلوں سے بات چیت کی وکالت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا:
“یہ چاہتے ہیں کہ خارجیوں سے بات چیت کریں، جبکہ یہ وہی لوگ ہیں جو ہمارے شہداء کے قاتل ہیں۔”
جھوٹ، پروپیگنڈا اور اداروں کو نشانہ بنانا
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن پر جھوٹ کی مہم چلائی گئی اور ہر ریاستی قدم کو سیاست زدہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی مسائل پر بات کرنے کے بجائے پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔
ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ ہم عوام سے تعلق رکھنے والے ہیں، ہمارا تعلق ایلیٹ کلاس سے نہیں۔
انہوں نے کہا:
“ریاست کے سوا ہماری کوئی شناخت نہیں، جو اس ریاست کے خلاف کھڑا ہوگا وہ ہمارا دشمن ہے۔”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے آخر میں کہا کہ جو ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کرے گا اسے جواب ملے گا، کیونکہ ریاست پاکستان کی سلامتی مقدم ہے، خواہ کوئی بھی ہو۔