جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیلئے ظفر راجپوت، بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیلئے کامران خان ملاخیل کے نام کی منظوری جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج تعینات کرنے کی بھی منظوری

جوڈیشل کمیشن اف پاکستان نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیلئے جسٹس ظفر راجپوت، بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیلئے جسٹس کامران خان ملاخیل کے نام کی منظوری دے دی ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے پہلے اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری پر غور کیا گیا۔ جوڈیشل کمیشن کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے تین سینئر ججز جن میں جسٹس ظفر احمد راجپوت قائم مقام چیف جسٹس سندھ، جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس محمود اے خان شامل ہیں، کے ناموں پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیلئے جسٹس ظفر راجپوت کے نام کی مظوری دی۔ جوڈیشل کمیشن کے دوسرے اجلاس میں کمیشن نے بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کیلئے تین سینئر ججز کے ناموں پر غور کیا جن میں جسٹس کامران خان ملاخیل، جسٹس اقبال احمد کانسی اور جسٹس شوکت علی درخشانی شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق کمیشن نے بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کیلئے جسٹس کامران خان ملاخیل کے نام کی منظوری دی۔ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے تسرے اجلاس میں سپریم کورٹ میں مستقل جج کی تعیناتی پر غور کیا گیا جس کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین سینئر ججز کے ناموں پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کمیشن نے ایکٹنگ جج سپریم کورٹ کی ذمہ داریاں ادا کرنے والے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو ہی سپریم کورٹ کا مستقل جج تعیینات کرنے کی منظوری دی۔ جوڈیشل کمیشن کے تینوں اجلاسوں کا باقاعدہ اعلامیہ کچھ دیر میں جاری ہونے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں