اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کی آمد کے دوران روٹ مہمان کھلاڑیوں کی حفاظت اور ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے تسلسل کے لئے لگائے جاتے ہیں، شہری معمولی دیر کی زحمت کو مثبت انداز میں لیں۔ اتوار کو یہاں عالمی کرکٹ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران لگائے جانے والے روٹ اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب بیرون ملک سے ٹیمیں آتی ہیں تو سیکورٹی کلیئرنس کے تحت روٹ لگانا ضروری ہوتا ہے، اکثر شہری اس صورتحال پر شکایت کرتے ہیں، آج میں خود بھی روٹ پر موجود ہوں اور ٹیمیں یہاں سے گزر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بڑی محنت اور جدوجہد کے بعد پاکستان میں واپس آئی ہے، اسے آگے بڑھانے کے لئے مشترکہ تعاون ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سری لنکا میں بھی ایسے مسائل تھے، وہاں ایل ٹی ٹی ای کی وجہ سے سخت سکیورٹی انتظامات معمول رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اکثر روٹ پر انتظار کرنا پڑتا ہے، ہمارے ہاں یہ رجحان بن گیا ہے کہ ہم فوری طور پر تنقید کرنا شروع کر دیتے ہیں، ہمیں تنقید کی بجائے اسے اچھے تناظر میں لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حالات مسلسل بہتر ہو رہے ہیں، مستقبل میں ایسی زحمتیں کم سے کم ہو جائیں گی۔ شہری تھوڑی سی تکلیف کو برداشت کرتے ہوئے قومی کھیل کی بحالی اور ملک کی مثبت شناخت کے لئے تعاون جاری رکھیں۔
:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے نیشنل ایج سوئمنگ چیمپئن شپ میں نوجوان تیراکوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر سوئمنگ چیمپئن شپ کے حوالے سے ہمارا روشن مستقبل ہیں، پاکستان میں دنیا کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سوئمنگ پول کی مکمل تزئین و آرائش کی جائے گی اور کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں 29 ویں نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ 2025ء (بوائز) اور 24 ویں نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ 2025ء (گرلز) کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوئمنگ مقابلوں میں نوجوانوں نے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ عالمی مقابلوں کے لئے بھی پاکستان کے روشن مستقبل کی جھلک پیش کی ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے بہترین انتظام پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انڈر 10، انڈر 12، انڈر 14 اور انڈر 16 کی تمام کیٹیگیریز میں لڑکوں اور لڑکیوں نے بھرپور سپورٹس مین سپرٹ، محنت اور لگن کا عملی ثبوت دیا۔ انہوں نے والدین کی حوصلہ افزائی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی معاونت نے نوجوان تیراکوں کے اعتماد اور کارکردگی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے پاس عالمی معیار کا ٹیلنٹ موجود ہے اور مقامی کوچز نے بھی دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی دکھانے والی تیراک کرن خان کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سوئمنگ ایک ایسا کھیل ہے جس میں پاکستان نمایاں مقام حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کے باصلاحیت نوجوان مستقبل میں سیف گیمز، ایشین گیمز اور اولمپکس تک پہنچیں گے اور پاکستان کے لئے تمغے جیت کر دنیا میں اپنا نام بنائیں گے۔ عطاء اللہ تارڑ نے سوئمنگ پول میں سہولیات کے حوالے سے کہا کہ سوئمنگ پول کے موجودہ انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے لیس کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سوئمنگ پول کی مکمل تزئین و آرائش کی جائے گی اور کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس چیمپئن شپ میں نوجوانوں کا جذبہ، محنت، لگن اور مقابلے کا حوصلہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی نے دل جیت لئے ہیں اور پاکستان کا مستقبل انہی ہاتھوں میں روشن دکھائی دیتا ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے سوئمنگ مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران اکثریتی حلقوں میں پی ٹی آئی کا بائیکاٹ ہے، سیاست میں کوئی بائیکاٹ نہیں ہوتا، بائیکاٹ کا سیاسی طور پر ہمیشہ نقصان ہوتا ہے۔ ضمنی انتخابات میں لوگوں کا ووٹ ڈالنے کے لئے نکلنا حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا مظہر ہے، ان شاء اللہ مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہوگی۔ اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کا دن مجموعی طور پر حوصلہ افزاء رہا۔ لاہور میں پولنگ کیمپس پر غیر معمولی رش ہے اور پولنگ اسٹیشنز پر عوام کی بھرپور آمدورفت دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں بزرگ شہری، نوجوان اور خواتین سب بڑی تعداد میں ووٹ کاسٹ کے لئے گھروں سے نکلے۔ ہر طبقے سے لوگ باہر نکلے ہیں اور اپنا جمہوری حق استعمال کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اکثریتی حلقوں میں تحریک انصاف کا بائیکاٹ ہے، سیاست میں کوئی بائیکاٹ نہیں ہوتا، بائیکاٹ کا ہمیشہ سیاسی نقصان ہوتا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی پوزیشن مضبوط ہے اور پولنگ کے دوران پارٹی کی ٹیمیں میدان میں متحرک ہیں۔ لاہور فیصل آباد، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ (ن) کا ٹرن آؤٹ انتہائی حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ووٹرز بھی گھروں سے نکلے ہیں جو کافی عرصے سے خاموش تھے۔ انہوں نے اس کی وجہ حکومت کی کارکردگی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی پرفارمنس کو ملکی و عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ پوری دنیا میں پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا گیا اور پاکستان کی اکانومی کو سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آج کا الیکشن پرفارمنس اور ڈلیوری کا الیکشن ہوگا۔ دبئی ایئر شو میں بھارتی طیارے کے حادثے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور انوسٹی گیشن کے بغیر کوئی حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت یہ کہنا مشکل ہے کہ حادثہ ٹیکنیکل خرابی سے ہوا یا کسی اور وجہ سے