فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں فیکٹری دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد اب تک 21 ہو گئی ہے، جبکہ چھ زخمی الائیڈ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ گرفتار فیکٹری مالک سے تفتیش جاری ہے

فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں فیکٹری دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد اب تک 21 ہو گئی ہے، جبکہ چھ زخمی الائیڈ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ گرفتار فیکٹری مالک سے تفتیش جاری ہے، اور واقعہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی سامنے آ گئی ہے۔ آج دوسرے روز بھی علاقے کی فضا سوگوار ہے۔

ابتدائی انکوائری رپورٹ کے مطابق فیکٹری میں آتش گیر مادہ بہت زیادہ مقدار میں موجود تھا، جبکہ غیر تربیت یافتہ عملے کی بے احتیاطی کے باعث دھماکہ ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گیلو بنانے والی فیکٹری میں بوائلر موجود نہیں تھا، مگر مختلف کیمیکلز اور سلنڈر گیس استعمال کی جاتی تھی۔ گیس لیکج، شارٹ سرکٹ اور کیمیکل مواد پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا جس سے 2 فیکٹریاں اور 10 گھر زمین بوس ہو گئے۔ انکوائری کمیٹی میں چیف بوائلر انسپکٹر پنجاب، ڈی او انڈسٹری، چیف انسپکٹر بوائلر اور فیصل آباد بوائلر انجینئر شامل ہیں۔
دوسری جانب دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز آج نیوز کو موصول ہوئی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے سے کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹتے ہیں اور دیواریں لرز رہی ہیں۔
گزشتہ روز علی الصبح ملک پور میں واقع کیمیکل فیکٹری میں ہونے والے دھماکے نے پوری بستی کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ دھماکے سے تین فیکٹریاں اور دس گھروں کی چھتیں زمین بوس ہو گئی تھیں، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد سمیت 21 افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے تھے۔ جاں بحق تمام افراد کی مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں