کیمیکل فیکٹری میں گیس لیک ہونے کے بعد ہونے والے دھماکے میں جاں بحق 21 افراد میں سے 10 سپرد خاک فیصل آباد کی فضا سوگوار

فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری میں گیس لیک ہونے کے بعد ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ دھماکے سے فیکٹری اور آس پاس کے دس گھروں کی چھتیں گر گئیں۔ سات زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے فیکٹری مالک، مینجر سمیت سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے فیکٹری مالک کو گرفتار کرلیا
شیخوپورہ روڈ پر ملک پور میں فیکٹری دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد اکیس ہو گئی ہے، جبکہ چھ زخمی الائیڈ اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سات بچے، دو خواتین اور ایک ہی خاندان کے سات افراد بھی شامل ہیں۔
علی الصبح ہونے والا دھماکہ پوری بستی کو ہلا گیا۔ تین فیکٹریوں سمیت دس گھر مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے۔
واقعے کا مقدمہ فیکٹری مالک، مینجر سمیت سات افراد کے خلاف درج کیا جا چکا ہے۔ اور پولیس نے فیکٹری مالک قیصر چغتائی کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق خطرناک کیمیکل کے استعمال سے بار بار روکا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود رہائشی علاقے میں فیکٹری چلائی جا رہی تھی۔ علاقے میں سوگ کی فضا ہے اور جاں بحق ہونے والوں میں سے 10 افراد کو نمازہ جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں