20 اور 21 نومبر 2025 کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے دوران بھارت نواز فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگرد مارے گئے۔
اطلاعات کی بنیاد پر لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 خوارج ہلاک ہو گئے۔
ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ بھارتی سرپرستی میں سرگرم یہ خوارج سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاقے میں کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافف کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ “عزمِ استحکام” کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔