74

راجہ فاروق حیدر کو میرا مشورہ ہے کہ رات کی تاریکی میں بڑے بڑے بلڈوزر لگا کر ریڈیو آزادکشمیرکی اراضی پر پلازہ بنانے میں جلد بازی نہ کریں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

مظفرآباد( ) پی ٹی آئی کشمیرکے صدرو سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ فاروق حیدر کو کئی بار عدم اعتما د سے اللہ تعالیٰ کے بعد میں نے اس وقت بچایا ہے جس وقت ان کے اپنے ساتھی انھیں وزارت عظمیٰ سے ہٹانا چاہتے تھے۔ راجہ فاروق حیدر کو میرا مشورہ ہے کہ رات کی تاریکی میں بڑے بڑے بلڈوزر لگا کر ریڈیو آزادکشمیرکی اراضی پر پلازہ بنانے میں جلد بازی نہ کریں جس طرح ماضی میں مل جل کر آپ کا محل بن گیاتھا اسی طرح مستقبل میں پلازے بھی بنتے رہیں گے۔ ایسے وقت میں جب الیکشن قریب ہے اس طرح کی حرکتیں ثابت کرتی ہیں کہ آپ اپنی ہار تسلیم کرچکے ہیں اور مستقبل سنوارنے کیلئے متبادل روزگار کی تلاش میں ہیں۔جاتے جاتے اپنے اوپر کرپشن کا دھبہ نہ لگوائیں۔ریاست میں سیاسی رواداری کو قائم رکھیں گے۔ سردار عتیق احمد خان کی تنقید سے مجھے خوشی ہوئی کہ ہماری جماعت ٹھیک جارہی ہے اور دوسروں کو پی ٹی آئی کی کارکردگی سے تکلیف ہورہی ہے۔ لگتا ہے کہ سردار عتیق احمد کو سکندر حیات کو شامل کرکے بھی کچھ نہیں ملا۔کارکنا ن انتخابی مہم مزید تیز کریں۔ مظفرآباد ڈویژن کی تمام 9سیٹیں ہم جیت کر دکھائیں گے۔ پیر سیدغلام مرتضیٰ علی گیلانی اپنے حلقہ لچھراٹ میں کلین سویپ کرینگے تاہم وہ ڈویژن کے تمام حلقوں میں اثرورسوخ رکھتے ہیں جن کو اب ڈویژ ن سے بھی بڑی ذمہ داری دینگے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ رو ز مرکزی ایوان صحافت میں حلقہ سے تعلق رکھنے والے سنی تحریک آزادکشمیر کے صدر صدام حسین عباسی اور پی پی کے چوہدری محمد صدیق اور عبدالمنیرساقی سمیت دیگر کی پیر سیدغلام مرتضیٰ علی گیلانی کی قیادت میں تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری‘پیر سیدغلام مرتضیٰ علی گیلانی اور دیگر نے نئے شامل ہونیوالوں کو مالا پہنا کر خوش آمدید کہا۔ تقریب سے سابق وزیرپیر سیدغلام مرتضیٰ علی گیلانی‘صدر پی ٹی آئی ضلع نیلم سید صداقت حسین شاہ‘سٹی صدر سید چن شاہ‘ تبریز کاظمی‘ راجہ فرخ ممتا ز‘سید امتیاز شاہ‘ صدام حسین عباسی‘عبدالمنیرساقی‘ چوہدری محمد صدیق‘ مہران گیلانی‘ تصور گردیزی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ شامل ہونیوالوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ عمران خان اور بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کے ویژن اور کردار جبکہ پیر سیدغلام مرتضیٰ علی گیلانی کی قائدانہ صلاحیتوں‘حلقہ لچھراٹ کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے جدوجہد اور عوام دوست پالیسیوں سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شامل ہو ئے ہیں۔ان شاء اللہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ مظفرآباد ڈویژن بالعموم اور حلقہ لچھراٹ میں بالخصوص تحریک انصاف کی کامیابی کیلئے پیر سیدغلام مرتضیٰ علی گیلانی کی قیادت میں بھرپور جدوجہد کرینگے۔پیر سیدغلام مرتضیٰ علی گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری عمر مسلم کانفرنس کیساتھ وفا کی۔ بیرسٹر سلطان کی قائدانہ پالیسیوں اور تعمیر وترقی کے سابقہ دور کو دیکھ کر میں تحریک انصاف میں شامل ہوا اگر بیرسٹر سلطان کسی اور پارٹی میں بھی ہوتے تو میں ان کی شخصیت اور کردار کی وجہ سے ان کے قافلے میں ہوتا۔ انہو ں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ بیرسٹر سلطان کی صورت میں عوامی شخصیت کو وزیراعظم کو نامز د کریں۔ یہاں کے عوام متوسط طبقہ کے ہیں۔ اپر کلاس کا یہاں کوئی لینادینا نہیں۔ میں آل رسول اور حسنی و حسینی ہوں۔ جو بات کرتا ہوں اس پر قائم رہتا ہوں لچھراٹ کے عوام کا استحصال کیا گیا۔ملازمتوں سمیت ہر طرح کے منصوبوں سے دور رکھا گیا۔ اقتدار میں آکر اس کا ازالہ کرونگا۔ انہوں نے کہاکہ آج جوکچھ بھی ہو ں کارکنان کی وجہ سے ہوں۔ کارکنوں سے جو وعدے کئے ان شاء اللہ جلد لچھراٹ میں دیگر پارٹیوں سے قدآور شخصیات پی ٹی آئی کا حصہ بنیں گی۔ پہلا جلسہ پنجکوٹ کے مقام پر کرینگے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم سیاست میں رواداری کے قائل ہیں۔ جب مجھ پر کوئی تنقید کرتا ہے تو مجھے خوشی ہوتی ہے کہ ہم ٹھیک سمت میں جارہے ہیں ہمارا کام ٹھیک ہے۔ کسی کو اس کی زبان میں جواب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہاکہ آمدہ الیکشن میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ کارکنان انتخابی مہم کو تیز کردیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں