سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے جھلار میں ایک بڑی دہشت گرد کارروائی ناکام بناتے ہوئے ملک کو ممکنہ تباہ کن حملے سے بچا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی اس وقت کی گئی جب بھارتی پراکسی تنظیم “فِتنۃُ الخوارج” کے دہشت گرد ایک خودکش حملے کے لیے گاڑی تیار کر رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور درست کارروائی کرتے ہوئے اس گاڑی کو تباہ کر دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں تین بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمتِ عملی “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں کہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔