پشاور.
چیف کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے نجی جرگوں کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ آئندہ کسی بھی تھانے کی حدود میں پرائیویٹ جرگہ منعقد کرنے کی کوشش کی گئی تو متعلقہ ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پشاور پولیس کے مطابق سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ عوامی تنازعات کے حل کے لیے غیر قانونی جرگوں یا ذاتی فیصلوں کے بجائے قانونی و عدالتی راستہ اختیار کیا جائے۔ پولیس افسران کو تاکید کی گئی ہے کہ ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے جو جرگوں کی آڑ میں قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کرتے ہیں۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کا کہنا ہےکہ معاشرتی انصاف کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ تمام فیصلے ریاستی اداروں اور عدلیہ کے ذریعے کیے جائیں۔ انہوں نے کہاہے کہ پرائیویٹ جرگے نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ اکثر اوقات انصاف کے تقاضوں کے برعکس فیصلوں کا سبب بنتے ہیں، جس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔
پشاور پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی تنازع یا جھگڑے کی صورت میں قانونی فورمز سے رجوع کریں اور ایسے غیر قانونی جرگوں میں شرکت یا ان کی میزبانی سے گریز کریں، تاکہ قانون کی بالادستی اور امن و انصاف کا قیام ممکن بنایا جا سکے۔