مریم نواز 15 اکتوبر کو راولپنڈی بسوں کا تحفہ دینے آرہی ہیں ، مرحلہ وار 87 بسیں ملیں گی ،20روپے کرایہ ،طلباء اور بزرگ شہریوں کے لیے مفت سفری سہولت ہوگی ،ملک ابرار احمد

راولپنڈی 10 اکتوبر (وائی جے اے ) پاکستان مسلم لیگ ن راولپنڈی ڈویژن کے صدر و چیئرمین قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 15 اکتوبر کو راولپنڈی کے شہریوں کے لیے جدید، آرام دہ اور سستی سفری سہولتوں پر مشتمل نئی بس سروس کا افتتاح کریں گی۔ اس منصوبے کے تحت راولپنڈی شہر اور کینٹ کے لیے مرحلہ وار 87 نئی ایئرکنڈیشنڈ بسیں فراہم کی جائیں گی ، پہلے مرحلے میں روات سے موٹر وے چوک سمیت 4 مختلف روٹس پر بس سروس کا آغاز کیا جائے گا ۔ بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں اور طلباء کے لیے سفر بالکل مفت ہوگا۔ یہ سروس شہریوں کو باوقار، معیاری اور قابلِ اعتماد سفری سہولت فراہم کرے گی، جس سے ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی ڈویژن کے صدر ملک ابرار احمد نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شایانِ شان استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بس سروس کا آغاز عوامی فلاح کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس سے شہریوں کے روزمرہ سفر کے مسائل کم ہوں گے اور جدید سفری سہولتیں ہر طبقے تک پہنچیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں