شاہکوٹ تھانہ صدر کے علاقہ محمد پورہ میں بجلی کی 11 کے وی لائن گرنے سے باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے ہیں۔ مبینہ طور پر بجلی کی تار اچانک گلی میں گر گئی، جس کے نیچے موجود باپ اور بیٹا کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمود دستگیر اور حسین محمود کے نام سے ہوئی ہے . مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار بجلی کی خستہ حال لائنز کی شکایات متعلقہ ادارے کو دی تھیں لیکن کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور متاثرہ خاندان نے بجلی کے محکمہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کو فوری مالی امداد اور سرکاری سطح پر انصاف فراہم کیا جائے۔
