کبیروالا: غیرت کے نام پر ایک اور حوا کی بیٹی قتل
تھانہ سرائے سدھو کی حدود میں غیرت کے نام پر ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پل پکوڑی کی رہائشی 22 سالہ غیر شادی شدہ نگہت مائی کو اس کے سگے چچا مظہر حسین نے گلا دبا کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ نگہت مائی گھر میں موجود تھی کہ اچانک چچا نے اسے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ سرائے سدھو فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
پولیس نے مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کبیروالا منتقل کر دیا ہے تاکہ حقائق کی روشنی میں مزید تفتیش کی جا سکے۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ قتل کی وجہ مبینہ طور پر غیرت کا معاملہ ہے، تاہم اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔
واقعے نے علاقے میں خوف اور غم کی فضا پیدا کر دی ہے، جبکہ شہری حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ قاتل کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔