جہلم ویلی کے علاقہ پٹھیالی منگر نالہ میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسے 150 سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیاہے ریسکیو کیئے گئے 33 سیاحوں کا تعلق کراچی سے ہے سیالکوٹ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں سے آنے والے سیاح بھی رات بھر جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران محفوظ مقامات پر منتقل کیئے گئے ۔ پری مون سون کی شدید بارش نے جہلم ویلی کے سیاحتی علاقہ پٹھیالی اور گردونواح میں جل تھل ایک کردیا منگر نالے شدید طغیانی اور جگہ جگہ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سیاحوں کو ریسکیو کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا علاقہ مکینوں،پاک فوج،پولیس،انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کےاہلکاروں نے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر تمام سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کیا ۔ علاقہ مکینوں نے اپنے گھروں میں سیاحوں کو رہائش اور کھانا فراہم کرکے مہمان نوازی کی روایت کو قائم رکھا سیاحوں نے آزاد کشمیر حکومت،علاقہ مکینوں،پاک فوج اور ریسکیو اداروں کا شکریہ ادا کیا ۔
