ڈیجیٹل پالیسی اور انٹرنیٹ گورننس کے عالمی چیلنجز پر بات کرنے کے لیے سینیٹر انوشہ رحمٰن کی سربراہی میں پاکستانی پارلیمانی وفد ناروے پہنچ گیا۔ وفد آئی جی ایف 2025 اور پارلیمنٹری ٹریک میں شرکت کر رہا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت، غلط معلومات اور ڈیجیٹل تعاون جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
سینیٹر انوشہ رحمان کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد ناروے کے شہر للسٹروم پہنچ گیا،
ناروے میں پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف نے پاکستانی وفد کو ناروے میں آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بریفنگ دی۔
وفد میں سینیٹر محمد اسلم ابرو اور چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان بھی شامل ہیں۔سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا کہ آئی جی ایف میں پاکستان کی نمائندگی باعث فخر ہے۔ دنیا بھر کی پارلیمانیں ڈیجیٹل پالیسی کو ایک بڑا چیلنج سمجھتی ہیں، اور پاکستان بھی پارلیمانی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غلط معلومات ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے جو سیاسی، سماجی اور ثقافتی میدانوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔انوشہ رحمان کے مطابق پاکستان اور ناروے کے درمیان تعلیم اور کمپیوٹر سائنس میں اشتراک مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل جدت میں نئے مواقع پیدا کر رہا ہے، جسے تحقیق، اعلیٰ تعلیم اور مشترکہ تقریبات کے ذریعے وسعت دی جا رہی ہے