یورپی حکام بھارت کے جھوٹے پروپگنڈے میں نہ آئیں، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید

یورپی حکام بھارت کے جھوٹے پروپگنڈے میں نہ آئیں، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید

برسلز:

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے یورپی یونین کے حکام سے کہاہے کہ وہ پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد الزامات پر مبنی جھوٹے پروپگنڈے میں ہرگز نہ آئیں۔

یاد رہے کہ بھارتی حکمران جماعت ’’بی جے پی‘‘ کے رکن پارلیمنٹ روی شنکر پرشاد کی قیادت میں ایک وفد ان دنوں بلجیم کے تین روزہ دورے پر ہے جہاں وہ یورپی حکام اور بلجیم کی حکومت کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کرے گا۔ بھارت کے وفد کا یہ دورہ نئی دہلی کے پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات پر مبنی پروپگنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کے خلاف جاری بھارتی ظلم و ستم اور کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور پاکستان اور آزادکشمیر پر حالیہ بھارتی جارحیت پر پردہ ڈالنا ہے۔

علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ یورپی حکام بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے روکیں اور کشمیر کے مسئلے کے پرامن اور منصفانہ حل اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کردار ادا کریں۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہا کہ “مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، کشمیریوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات، کئی رہنماؤں کی مسلسل حراست، نوجوانوں کا ماورائے عدالت مسلسل قتل عام اور عوامی احتجاج پر بھارتی اہلکاروں کی بے دریغ فائرنگ ایک سنگین انسانی المیہ ہے جس پر عالمی براداری کو سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ بھارت پر دباؤ بڑھائے تاکہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو خودارادیت کا حق دیا جائے۔‘‘

علی رضا سید نے مزید کہاکہ گذشتہ ماہ بھارتی حکام نے پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر نہ صرف پاکستان اور آزاد کشمیر میں کئی بے گناہ اور معصوم لوگوں کو شہید کیا بلکہ مقبوضہ کشمیر میں متعدد نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا اور ان کے گھروں کو تباہ کردیا۔

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین نے کہا کہ آج مسئلہ کشمیر پر علمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی ضرورت ہے۔”کشمیر دنیا کا سب سے خطرناک فلیش پوائنٹ ہے اور اسے نظرانداز کرنا بین الاقوامی امن کے لیے بہت خطرناک ہے۔‘‘

علی رضا سید نے مطالبہ کیا کہ یورپی یونین اپنے بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اٹھائے اور ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مزید کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی آزادانہ تحقیقات کروائی جائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل انصاف پر مبنی اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہونا چاہیے۔

Email: secretariat@kashmircouncil.eu, Kashmir Council EU, Brussels, Belgium.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں