عالمی طاقتیں پاکستان کو تقسیم اور کمزور کرنا چاہتی ہیں، قوم متحد ہو جائے، پاکستان کو جوہری قوت بنانا ڈاکٹر قدیر کا ملک و ملت کے لیے ناقابل فراموش تحفہ ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی یوم تکبیر و قدیر پر میڈیا سے گفتگو

عالمی طاقتیں پاکستان کو تقسیم اور کمزور کرنا چاہتی ہیں، قوم متحد ہو جائے، حافظ نعیم الرحمن
پاکستان کو جوہری قوت بنانا ڈاکٹر قدیر کا ملک و ملت کے لیے ناقابل فراموش تحفہ ہے، امیر جماعت اسلامی کی یوم تکبیر و قدیر پر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد:28مئی2025ء
امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ جوہری قوت ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا پاکستان کے لیے ناقابل فراموش تحفہ ہے۔ جوہری صلاحیت کی بدولت پاکستان کو دنیا بھر میں سر اٹھا کر جینے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ہمیں کسی سے دبنے اور ڈرنے کی ضرورت نہیں،مودی گولی چلائے گا تو ہم غوری چلائیں گے،نوجوان مایوس نہ ہوں، متحد ہوکر ان لوگوں کا قلع قمع کریں جو پاکستان کے اندر تقسیم کا باعث بن رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم تکبیر و قدیر کے موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قبر پر فاتحہ خوانی سے قبل ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
امیر جماعت نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہم اس کے محافظ ہیں، ابھی ہم نے کشمیر آزاد کرانا ہے،بھارت سے مذاکرات میں کشمیر بات چیت کا ایجنڈا نہیں تو کوئی بات نہیں ہونی چاہیے۔ عالمی طاقتیں پاکستان کو تقسیم اور کمزور کرنا چاہتی ہیں، قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر انھیں ناکام بنائیں۔ اس موقع پر محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر کی قبر پر پھول نچھاور کئے گے، امیرجماعت نے مرحوم کے لئے بلندی درجات کی دعا کی۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، سیکریٹری ضلع زبیر صفدر، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر انعام الرحمن سمیت دیگر رہنما، مرد، خواتین اور بچے بڑی تعداد میں موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہاکہ آج ہم 28 مئی کو یوم تکبیر کو یوم قدیر کے طور پر منا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ1998میں جب بھارت نے ایٹمی دھماکے کئے توپاکستان میں بے چینی بڑھ گئی تھی،بھارت کو بڑی طاقتوں کی حمایت تھی،پاکستان کو دھماکے کرنے کی صورت پابندیوں کی دھمکی مل رہی تھی۔ حکومت وقت پریشان تھی اورایٹمی دھماکے کرنے سے ہچکچا رہی تھی،جماعت اسلامی، اور اسلامی جمعیت طلبہ نے پورے پاکستان میں جلسے اور مارچ کئے اور حکومت پرد باؤڈالا کہ وہ ایٹمی دھماکے کرے، 28 مئی کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کردیئے اوراس کے بعد پاکستان ناقابل تسخیر ہوگیا، دنیا بھر میں ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ عالمی قوتوں نے شروع کی اور ہر دن وہ اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں اضافہ کررہے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر ملک کو دنیا بھر میں ممتاز بنا دیا۔
امیر جماعت نے کہا کہ ہمارا دشمن ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے،ایٹمی قوت ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا پاکستان کے لیے تحفہ ہے۔ ہم اس عظیم محسن کو یاد کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کوکبھی تسلیم نہیں کیا مودی کی تقریر سے دو قومی نظریہ زندہ ہورہاہے، مودی دھمکی دے رہاہے کہ میں گولی چلاؤں گا، مودی گولی چلائے گا تو ہم غوری چلائیں گے۔ امیر جماعت نے کہا کہ بھارت کو ہم نے شکست فاش دی ہے،بھارت نے مساجد اور سویلین پر بمباری کی تو ہم نے بھارت کو بھرپور جواب دیا، جن جہازوں پر بھارت کو ناز تھا ان کو گرا دیا ہے اب بحث ہورہی ہے کہ 4 رافیل گرے ہیں یا 6 گرے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مودی اپنے لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے تقریریں کررہاہے۔ مودی جتنی بڑھکیں مارتا ہے اس کے ووٹ اتنے ہی کم ہوں گے، 68کروڑ بھارتی عوام کو بیت الخلا کی سہولت دستیاب نہیں،عالمی طاقتیں پاکستان کو تقسیم اور کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ بھارت میں سکھوں کی تحریک چل رہی ہے، بھارت امریکہ اور کینڈا میں جاکر سکھوں کو قتل کرنے سے دنیا بھر میں ناقابل اعتبار بن گیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت میں دلتوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہاہے۔ بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں، مودی ایسی باتیں کررہاہے جیسے دنیا کو فتح کردے گا، مودی کا ہندوتوا کا خواب ہے جس کے تحت یہ سارے مظالم کررہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی اور مظالم کئے جارہے ہیں،مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل رہے ہیں، یہ دہشت گردی ہے،اس کے خلاف دنیا کو کھڑا ہونا ہوگا، اسرائیل بھارت کا دوست ہے، اسرائیل بچوں کو جلارہاہے، بچوں کو گولیاں مار رہاہے۔ پہلگام کے واقعہ کے بعد اسرائیل نے بھارت کی مدد کی۔ انھوں نے کہا کہ جب تک بھارت پاکستان پر حملہ کررہاتھا امریکہ چپ تھا جب پاکستان نے بھارت کے فوجی ائیرپورٹ پر حملے کئے، اس پر سائبر حملہ کیا اوربھارت کو شکست ہوئی تو فوراً امریکہ جنگ بندی اور ثالثی کے لیے آگیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کل بھارت سے مذاکرات کے حوالے سے بیان دیا ہے مذاکرات کا ایک ہی ایجنڈا ہے وہ کشمیر ہے، کشمیر کے بغیر تجارت پر بات نہیں ہوگی، امن سے رہنا ہے تو کشمیر سے بھارتی فوج نکلے اور کشمیریوں کو حق خوداردیت دیا جائے، اگر اس پر بات نہ کی گئی تو وزیراعظم کو بھی عوام وہاں بھیج دیں گے جہاں مودی ہے۔ کشمیر کے بغیر آلو پیاز اور لوہے،سٹیل کی تجارت کی بات عبث ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیر ایک علامت ہے، وہ محسن پاکستان ہے، پاکستان کی ایٹمی طاقت کو مسلمان اپنی حفاظت اور قوت سمجھتے ہیں۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو آج شائع ہونے والے اشتہاوں سے نکال دیا ہے، شہباز حکومت نے یوم تکبیر کے اشتہارات پر اپنے اور بھتیجی سمیت خاندان والوں کی تصاویر لگائیں مگر ڈاکٹر عبد القدیر کی تصویر نہیں لگائی، یہ باعث شرم ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ سے حکومت اور اپوزیشن نہ ڈرے، سابقہ حکومت نے ڈاکٹر عبد القدیر کے جنازے میں بھی شرکت نہیں کی، پوری قوم ایٹمی پروگرام اور افواج پاکستان پر فخر محسوس کرتی ہے۔
امیر جماعت نے کہا کہ ہمارے ایٹمی سائنسدانوں نے سرکاری اداروں میں تعلیم حاصل کی تھی، آج سرکاری تعلیم مہنگی ہے۔ یہ ملک کسی آرمی چیف،سیاست دان بیوروکریٹ اور جج کا نہیں، یہ ملک عوام کا ہے۔نوجوانوں سے اپیل کرتاہوں کہ پاکستان کے خلاف کسی کارروائی میں شامل نہ ہوں نفرت نہ پھیلائیں۔ دشمن کی وجہ سے پاکستان دولخت ہوا۔ انھوں نے کہا کہ50سال کے بعد آج بنگلہ دیش کی عوام نے بھارت کے حمایتوں کو نکال دیا ہے۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے ڈاکٹر اظہر کی سپریم کورٹ سے رہائی پاکستان کی فتح ہے، پاکستان ہمارا نظریہ عقیدہ ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکومت قوم میں یکجہتی پیدا کرے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مسائل کو ختم کیا جائے۔ یہ ملک ہمارا ہے اور ہم اس کے محافظ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں