آزاد کشمیر // اقوام متحدہ ! ریاست جموں کشمیر میں نہتے شہریوں کیخلاف بھارتی بربریت کا نوٹس لے۔ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیری شہریوں کے ساتھ ہو رہی نا انصافیوں پر سلامتی کونسل خاموشی توڑے۔
بی جے پی حکومت پہلگام واقعے کو کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو بدنام کرنے اور بھارت میں ظالمانہ “وقف ترمیمی قانون” پر مسلمانوں کی آوازیں خاموش کرنے کے لیے استعمال کررہی ہے ۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیرس کے نام عزیر احمد غزالی کا خط
مظفرآباد :- 28 اپریل 2025
پہلگام واقعے کے بعد مقبوضہ جموں کشمیر میں شہریوں کیخلاف بھارتی حکومت کی بڑھتی ہوئی انتقامی کارروائیوں ، خطے میں جنگی ماحول کو ہوا دینے اور بھارت میں مسلمانوں پر تشدد کے سنگین واقعات کے سلسلے میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیراحمدغزالی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیرس کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ پہلگام واقعے سمیت کشمیر میں ان درجنوں سانحات کی آزادانہ تحقیقات کے لئے کمشن مقرر کرے جن میں ہزاروں کشمیری شہری بھارتی جنگی جرائم کا شکار کیئے گئے ۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط میں لکھا گیا ہیکہ کشمیر میں حالیہ دنوں میں بھارتی سفاکیت سے ثابت ہو گیا کہ پہلگام حملہ ایک سازش تھی جس کی آڑ میں دلی سرکار نے کشمیری عوام کو تہس نہس کرنا شروع کردیا ہے ۔ بھارتی حکومت ریاست جموں کشمیر میں دس لاکھ فوجیوں کے دباؤ سے کشمیری عوام کے تمام شہری ، سیاسی ، سماجی اور مذہبی حقوق چھین رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ریاست جموں کشمیر میں مسلمانوں کو بے دست و پا کرکے اسے ہندو ریاست میں بدلنے کی کھلے عام سازشیں کر رہی ہے، اقوامِ متحدہ ان اقدامات کو رکوائے ۔ ہندوستانی غاصب فورسز نے گزشتہ پانچ دنوں میں کشمیری شہریوں کے 26 مکانات کو دھماکوں سے تباہ کر دیا ہے ۔ اقوامِ متحدہ جموں کشمیر کو فلسطین کی طرح حصے بخرے ہونے سے بچائے ۔ بھارتی فوج اب تک عبدالاحد گوجری بانڈی پورہ ، نذیر احمد وانی ترال ، فاروق احمد کپواڑہ ، مسکین احمد کپواڑہ ، احسان الحق پلوامہ ، حارث احمد پلوامہ ، آصف شیخ پلوامہ ، عادل ٹھوکر اسلام آباد ، ذاکر احمد گنائی کولگام ، شاہد احمد شوپیاں اور دیگر کئی شہریوں کے گھر تباہ کرچکی ہے ۔ بھارتی دہشت گرد فورسز نے سری نگر اور وادی کشمیر کے سینکڑوں گھروں پر چھاپے مارے ہیں مکینوں پر تشدد جاری ہے ۔ بھارتی فوج ایسے 63 گھروں پر بھی چھاپے مار چکی ہے جو لوگ پہلے ہی مختلف بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ متن ۔ مقبوضہ کشمیر پہلگام واقعے کے بعد کریک ڈاؤن میں 1700 سے زائد شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اقوامِ متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی گرفتاریاں، شمال سے لے کر جنوبی کشمیر تک مکانات کی مسمارگی ، جائیدادوں کی ضبتگی ، زمینوں پر قبضے رکوائے ۔ بانڈی پورہ سے جیل میں بند کشمیری شہری کے بھائی کو بھارتی فوج نے جعلی انکاؤنٹر میں شہید کیا ہے شہری کے قتل کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر تشدد کیا گیا ہے ۔ 5 اگست 2019 کے بعد جموں کشمیر کے عوام پہلے ہی بدترین فوجی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ جموں کشمیر میں نافذ کالے قوانین AFSPA , POTA TADA , UAPA , PSA کے خاتمے کیلئے حکومت ہند پر دباؤ ڈالے ۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دلی سرکار کی جانب سے کشمیر میں مسلّط کی گئی ایجنسیز NIA, CIK اور SIU کی جانب سے کشمیر کی زمینوں پر قبضے ، جائیدادوں اور گھروں مسمار اور ضبط کرنے کے بدترین اقدامات کا نوٹس لیں ۔ اقوامِ متحدہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیری خواتین ، صحافیوں ، انسانی حقوق کے کارکنوں ، آزادی پسند راہنماؤں اور شہریوں کی رہائی کے لیئے کردار ادا کرے۔ اقوامِ متحدہ 5 اگست 2019 کے بھارتی لوک سبھا کے ظالمانہ اقدامات اور 11 دسمبر 2023 کے بھارتی سپریم کورٹ کے جانبدار فیصلے کو کالعدم قرار دے ۔ اقوامِ متحدہ کے چارٹر پر موجود متنازعہ ریاست جموں کشمیر میں بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کرنا ادارے کی توہین ہے غیر ملکی ہندوستانی شہریوں کے ڈومیسائل منسوخ کیئے جائیں ۔ حکومت ہند جنوبی ایشیاء میں جنگی حالات پیدا کرکے کروڑوں انسانوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگا رہی ہے ۔ اقوامِ متحدہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے پوری ریاست میں آزادانہ طور رائے شماری کے عمل کو ترتیب دے ۔ عزیر احمد غزالی نے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوٹیرس کے نام لکھے گئے خط امید ظاہر کی ہے کہ یہ عالمی ادارہ کشمیر کے عوام پر بھارتی جبرواسبتداد کا نہ صرف نوٹس لے گا بلکہ کشمیری عوام سے ماضی میں کیئے گئے حق خودارادیت کے وعدوں کو پورا کرے گا ۔۔۔۔