مظفرآباد( ) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے دریاؤں کے پانی کو بند کرنے جیسے بیانات گیدڑ بھبکیوں کے سوا کچھ نہیں۔پوری قو م اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بھارت نے ہمیشہ ہر واقعہ کو پاکستان کے ساتھ جوڑا ہے۔ سندھ طاس معاہدہ کوئی کھیل نہیں ہے۔اس معاہدے کو تیار ہونے میں 9سال لگے ہیں۔ہندوستان ہمارا پانی آسانی سے نہیں بند کرسکتا کیونکہ پاکستان نے واضح کردیا ہے کہ اگر پانی بند کیا تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا۔اگر ہندوستان ہمارا پانی بند کرتا ہے تو چین بھی ہندوستان کا پانی بند کرنے کی پوزیشن میں ہے اور ایسا ہوا تو ہندوستان کے پاس کچھ نہیں بچے گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایم ایل اے ہاسٹل میں چیئرپرسن خواتین ونگ سمعیہ ساجد راجہ،سیدیاسر نقوی ایڈووکیٹ،شیخ مقصود احمد، ہارون آزاد، راجہ تبارک علی خان، راجہ یاسین لقمان، راجہ ولید عبداللہ اور دیگر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر پرحملہ کوئی کھیل تماشا نہیں ہے آزادکشمیر کوئی مذاکرات کے نتیجے میں آزاد نہیں ہوا بلکہ آزادکشمیر کو آزاد کروانے میں ہمارے اسلاف کا لہو شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔پاکستان کا معاشی استحکام بھارت سے ہضم نہیں ہورہا، دنیا کو دیکھنا ہوگا کہ سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کرنے والا ملک کس طرح دہشت گردی کی آڑ میں اپنے اہداف حاصل کررہا ہے۔ دنیا کو سمجھنا پڑے گا دہشت گرد کون ہے اور کس طرح سے وہ اپنے اہداف کو حاصل کررہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا براہ راست یا کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ کشمیر میں جو آزادی کی تحریک چل رہی ہے وہ مقامی لوگوں کی اپنی تحریک و جدوجہد ہے۔بھارت میں انتخابی مہم کے دوران پاکستان کارڈ کھیلنا معمول بن چکا ہے۔ بھارت وسیع رقبے کے باوجود عدم تحفظ کے احساس میں مبتلا ہے، پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود زیادہ بردباری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔پہلگام سانحے پر بھارت کا ردعمل غیر ذمے دارانہ اور فوری تھا، بھارت کی حکومت اور میڈیا نے بغیر ثبوت کے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا۔کسی پاکستانی سیاسی رہنما نے انتخابی مقاصد کے لیے بھارت مخالف جذبات نہیں بھڑکائے، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت غیر ذمے دارانہ رویہ ترک کرے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا اور حکمرانوں کا رویہ انتہائی غیر ذمے دارانہ اور ستم ظریف ہے۔ دریں اثناء صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان مجہوئی میں خالد رشید عباسی سے انکے بھائی ظفر رشید عباسی کی وفات پر تعزیت کی۔ صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان مجہوئی میں سید احمد شاہ گردیزی اور انکی ہمشیرہ کی وفات پر پیر سید جلیل گردیزی اور سید خطیب گردیزی سے تعزیت کی۔ صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان مجہوئی میں نثارعباسی اور معراج عباسی سے انکی کی والدہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کی اور فاتھہ خوانی کی۔
