کاشف چوہدری صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے اہل غزہ سے یکجہتی کے لئے آج ہونے والی ہڑتال کے سلسلے میں جنوبی اور وسطی پنجاب کے ہنگامی دورے
اسلام آباد/لاہور()مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ اہل غزہ اور قبلہ اول کی آزادی کے لئے آج عالمی سطح پر تاریخ ساز شٹر ڈاون ہڑتال اور یوم احتجاج ہوگا ،پور ے ملک بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے شہروں ،قصبوں اور گاوں میں تاجر ،ٹرانسپورٹر،کسان ،طلبا و طالبات اور عوام شٹر ڈاون ہڑتال اور یوم احتجاج میں شریک ہو کر اہل غزہ سے اظہار یکہتی کریں گے اور پاکستان سے پر امن پیغام جائے کہ پاکستانی قوم اہل غزہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرکے اسرائیلی رسد کو روکیں گے وہ گزشتہ روز جنوبی اور وسطی پنجاب کے ہنگامی دوروں کے دوران تاجر رہنماوں ،وکلاء ،ٹرانسپورٹرز سے گفتگو کر رہے تھے کاشف چوہدری نے بھکر ،میانوالی ،جوہر آباد،سرگودھا سمیت دیگر اضلاع کے دورے کیے اور عالمی یوم ہڑتال پر تاجر قائدین سے تبادلہ خیال کیا اس موقع پر تاجر قائدین نے اپنے اپنے علاقوں میں ہڑتال سے متعلق بریف کیا اور آج کاشف چوہدری لاہور پہنچیں گے ۔کاشف چوہدری نے کہا کہ آج کی شٹر ڈاون ہڑتال کے لئے وکلاء ،ٹرانسپورٹر ،کسانوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہونگے ،پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک اور آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز نے بھی بھرپور حمایت کا اعلان کیا انہوں نے کہا پوری قوم اج اہل غزہ اور فلسطین سے اظہار یکہتی کرے گی اور ہم اسرائیل ،امریکہ اور بھارت کو متفقہ پیغام دیں گے کہ ہم اہل غزہ کے لئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں
دنیا بھر کے مسلمانوں کو اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کیلئے تیارکرنا، بے حس مسلم حکمرانوں کو خواب خرگوش سے جگانااور غزہ کا غذائی محاصرہ ختم کروانا بنیادی مقاصد،کاشف چوہدری
26اپریل صرف پاکستان نہیں بلکہ عالمی سطح پر یوم احتجاج اور ہڑتال کے طور پر منایا جائیگا ،کاشف چوہدری
کاشف چوہدری ، صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کا ملک کے طول و عرض بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سے تاجر وں، صنعت کارتنظیموں ، انڈسٹریل ایریاز کی ایسوسی ایشنزکا زوم لنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(23/04/2025بروز بدھ)مرکزی تنظیم تاجرا ن پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ قبلہ اول کی حفاظت ، اہل غزہ سے یکجہتی اور فلسطین کی آزادی کیلئے 26اپریل کی ہڑتال کے تین بنیادی مقاصد ہیں، 26اپریل کو صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر یوم احتجاج اور ہڑتال کے طور پر منایا جائیگا ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو زوم لنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس اجلاس میں ملک بھر کے تاجر قائدین نے 26 اپریل کو یوم یکجہتی فلسطین و غزہ ہڑتال کو پھر پور انداز میں تاریخ ساز بنانے اور مکمل شٹرڈاون کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔اجلاس میں ملک کے طول و عرض بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سے تاجر وں اور صنعت کارتنظیموں ، انڈسٹریل ایریاز کی ایسوسی ایشنز،مختلف شعبہ جات کی تنظیموں کے عہدیداران ، صوبوں، اضلاع اور شہروں کی تنظیموں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی ۔اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا(بلوچستان)،شرافت علی مبارک صدر خیبر پختونخواہ ،سلمان صدیقی چیرمین مرکزی تنظیم تاجران پاکستان(ملتان)،شاہد رزاق سکا سرپرست اعلی فیصل آباد،آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر ، کراچی الیکٹرانکس ڈیلر ز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان ،صوبہ سندھ انجمن تاجران کے صدروقار حمیدمیمن، نواب شاہ سے ارسلان ستار قریشی ،میاں ادریس (لاھور)،ہارون راغب (گوجرانوالہ)،نعیم خاور ،مرزا مختار، سلمان مغل (سرگودھا)،شیخ فصل رحمان شاد(گجرات)،جاوید مین ، منیر حسین ، کھوکھر،ہارون راغب میر،غلام مرتضی سمو، عامر فاروقی ، محمود راجپوت ، ناصر انصاری (لاہور)،راجہ رفاقت (آزاد کشمیر )حاجی جاوید اسلم ، سہیل نیاز، واحد بخش، سید اسرار حسین شاہ ، غلام فاروق ، رضوان شوکت سمیت دیگر تاجر نمائندوں نے شرکت کی ،اجلاس کے دوران تاجر رہنماوں نے اپنے اپنے اضلاع ،شہروں کی ہڑتال سے متعلق صورتحال پربریف کیا اور بتایا کہ 26اپریل کو ملک بھر میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہوگی،اہل غزہ سے اظہار یکجہتی ، قبلہ اول کے تحفظ اور فلسطین کی آزادی کیلئے شہروں سے لیکر قصبوں اور گاوں تک تمام دکانیں اور کاروبار مکمل بند ہونگے۔تاجروں رہنماوں نے کہا اس عظیم کاز کیلئے طلبا ، کسان ،مزدور، ٹرانسپورٹر، سول سوسائٹی اور عام شہری اس شٹرڈاون ہڑتال میں شریک ہونگے جبکہ علماء اکرام مساجد سے اعلانات کر رہے ہیں کہ 26اپریل کو جلوس نکالے جائیں گے۔کاشف چوہدری نے کہا کہ ،قبلہ اول کی حفاظت ، اہل غزہ سے یکجہتی اور فلسطین کی آزادی کیلئے 26اپریل کی ہڑتال کے تین بنیادی مقاصد ہیںجس کا پہلا مقصدرضاکارانہ طور پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کیلئے تیار کرنا ہے تاکہ اسرائیل کا معاشی طور پر محاصرہ کرکے اس کی رسد کے راستوں کو روکا جا سکے ،دوسرا بنیادی مقصد امت مسلمہ کے سوئے ہوئے بے حس حکمرانوں کو جگانا ہے تاکہ امت مسلمہ کے 57اسلامی ممالک کے حکمران اور 80لاکھ مسلم ممالک کی افواج کے سربراہان مل بیٹھ کر غزہ کیلئے عملی اقدامات کا اعلان کریں اورزبانی جمع خرچ کے بجائے کچھ عملاً کرنے کا فیصلہ کریں تیسرا بنیادی مقصد غزہ کے غذائی محاصرے کا خاتمہ کروانا ہے تاکہ غزہ کے مسلمانوں تک کھانے پینے کی اشیاء خورونوش کو پہنچایا جا سکے، علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ،کھلے آسمان کے نیچے رہنے پر مجبور مسلمانوں کی رہائش کیلئے ٹینٹ پہنچائے جا سکیں ،یتیم بچوں کی کفالت اور غزہ کی تعمیر نو کیلئے عملی اقدامات کیے جا سکیں اس ضمن میں ملک بھر کے تاجر وںکی جانب سے اپنی امدن کا ایک حصہ وقف کرتے ہوئے قابل اعتماد ذرائع کے ذریعے غزہ کی تعمیر نو میں عملی حصہ لینا شامل ہے اس عظیم مقصد کیلئے26اپریل کوتاریخ سازاورفقید المثال شٹر ڈاون ہڑتال ہو گی اور یہ ہڑتال فلسطینیوںکے جذبوں اورجرت کو سلام پیش کرے گی اور اس ہڑتال کی وجہ سے ان میں ایک نیا جوش ولولہ پیدا ہوگااور ہم اپنی دینی ، ملی اور قومی ذمہ داریوں کو ادا کریں گے۔